اب بوتل بتائے گی کہ پانی کب پینا ہے

جمعہ 6 جون 2014 20:52

اب بوتل بتائے گی کہ پانی کب پینا ہے

پیرس(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6جون۔2014ء) ماہرین کے نزدیک دن میں کم از کم 8گلاس پانی پینا صحت کے لئے انتہائی ضروری ہے کیونکہ اس سے انسان نہ صرف صحت مند رہتا ہے بلکہ اس کی خوبصورتی بھی برقرار رہتی ہے۔لیکن اگر آپ کو کام کی مصروفیت کی وجہ سے مطلوبہ مقدار میں پانی پینا یاد نہیں رہتا تو اب فکر کرنے کی ضرورت نہیں کیونکہ فرانس کی بوتل بنانے والی ایک معروف کمپنی وائٹل نے ایسی بوتل ایجاد کرلی ہے جو آپ کو ہر گھنٹے بعد پانی پینے کی یاد دہانی کرا دے گی۔

(جاری ہے)

جی ہاں اس بوتل میں خصوصی طور پر تیار کیا گیا ڈھکن لگایا گیا ہے جس میں ایک ٹائمر بھی لگا ہوا ہے، اس کے علاوہ ایک چھوٹا سا سرخ رنگ کا جھنڈا بھی بوتل کے ڈھکن کے اندر نصب کیا گیا ہے۔ہر ایک گھنٹے بعد یہ جھنڈا اچانک سامنے آ جاتا ہے اور بوتل کے مالک کو یاد دلاتا ہے کہ اس کے پانی پینے کا وقت ہو گیا ہے۔پانی پینے کے بعد بوتل کے ڈھکن کو گھمانے سے اس کا ٹائمر دوبارہ سیٹ ہوجاتا ہے اور اس طرح ہر گھنٹے بعد یہ آپ کو پانی پینے کی یاد دہانی کراتا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ بوتل ان افراد کے لئے خاص طور پر فائدہ مند ہے جو اپنے دفتر میں کرسی پر بیٹھ کر مسلسل کام کرتے ہیں یا کئی گھنٹوں تک کتابوں کے مطالعے میں مصروف رہتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :