اُمّتِ مسلمہ کا عروج اقامتِ دین کی جدوجہد سے وابستہ ہے، حافظ نعیم الرحمٰن

جمعہ 20 جون 2014 22:11

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین20۔جون۔2014ء)پاکستان سمیت پوری اُمّتِ مسلمہ آج بے پناہ مسائل کا شکار ہے ۔ جس میں دہشت گردی سرِفہرست ہے اور مغربی استعمار نے سازش کے تحت جہاد کو دہشت گردی کا نام دے کرلوگوں کو کنفیوز کردیاہے ان خیالات کا اظہارانجینئر حافظ نعیم الرحمٰن(امیر جماعتِ اسلامی،کراچی)نے سالانہ فہم القرآن و سنت کانفرنس سے اُمّتِ مسلمہ کو درپیش چیلنجز کے موضوع پر خطاب کے دوران کیا۔

اپنے خطاب میں مزید فرمایا کہا اس وقت بیشتر اسلامی ممالک کے حکمران استعمار کے ایجنٹ کا کردار ادا کر رہے ہیں جنہوں نے عالمی مالیاتی اداروں سے ساز باز کر کے اپنے عوام کو بھوک اور افلاس کی دلدل میں دھکیل دیا ہے، تاکہ وہ دو وقت کی روٹی کے حصو ل میں مگن رہیں، اور یہ حکمران حکومتی وسائل سے پرُتعیش زندگی گزارتے ہیں۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ اگر عوام اپنی حالت کو بدلنا چاہتے ہیں تو انہیں اُٹھنا ہوگا اور اقامت دین کی جدوجہد میں جماعتِ اسلامی کا ساتھ دینا ہوگا،کیونکہ اقامت دین کا فریضہ صرف چند لوگوں پر عائد نہیں بلکہ یہ کام پوری اُمّت پر فرض ہے آخر میں کارکنانِ جماعت کی حوصلہ افزائی فرماتے ہوئے آپ نے کہا کہ آج کے مادہ پرستانہ دور میں قرآن و سنت کی محفلیں سجانے والے یقینااللہ اور اُس کے رسولﷺ کو بے حد محبوب ہیں اور یہی کام آخرت میں ہماری نجات کا ذریعہ بنے گا۔

کانفرنس کا اختتام اُمّت کی سر بلندی کی د عا کے ساتھ ہوا۔