حکمرانوں کو ہوش آ جانی چاہئے، اپنے لیے گڑھا نہ کھودیں‘ چودھری شجاعت حسین

پیر 23 جون 2014 22:17

حکمرانوں کو ہوش آ جانی چاہئے، اپنے لیے گڑھا نہ کھودیں‘ چودھری شجاعت ..

اسلام آباد/ لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23جون 2014ء )پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم سینیٹر چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ حکمرانوں کو ہوش آ جانی چاہئے وہ اپنے لیے گڑھا نہ کھودیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔ وہ پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری کے استقبال کیلئے تمام رکاوٹوں کے باوجود سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا، سینیٹر کامل علی آغا، طارق بشیر چیمہ، چودھری ظہیر الدین اور محمد بشارت راجہ کے ہمراہ اسلام آباد ایئرپورٹ پر پہنچے تھے۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو احساس کرنا چاہئے کہ ضد، ہٹ دھرمی اور معاملات کو سلجھانے کی بجائے الجھانے کی عادت انہیں لے ڈوبے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم جمہوریت کے مخالف نہیں ہیں لیکن ملک میں جمہوریت ہے کہاں؟ ڈاکٹر طاہر القادری سے ہمارا اتحاد اسلام، پاکستان اور عوام کیلئے ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری نے آج بھی معاملہ فہمی کا ثبوت دیا، حکمرانوں کے جبر و تشدد، لاٹھی چارج اور آنسو گیس کے باوجود اتحادی کارکنوں کو صبر و تحمل پر شاباش دیتا ہوں اور بہنوں اور بیٹیوں کا جذبہ قابل تحسین ہے جو ایئرپورٹ پر موجود رہیں، میں ان کا شکرگزار ہوں۔

پاکستان مسلم لیگ، پاکستان عوامی تحریک، سنی اتحاد کونسل اور مجلس وحدت المسلمین کے کارکن حکومت کی جانب سے تمام راستے بند کیے جانے اور جگہ جگہ رکاوٹوں کے باوجود جس طرح ایئرپورٹ پہنچے میں ان کی ہمت اور جذبہ کی داد دیتا ہوں۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ دہشت گردی کے خلاف آپریشن میں پاکستان مسلم لیگ اور پاکستان عوامی تحریک کے علاوہ پوری قوم پاک فوج کے ساتھ ہے اور اس کی کامیابی کیلئے دعا گو ہے، حکومت کو ایسے اقدامات نہیں کرنے چاہئیں جن سے یہ آپریشن سبوتاژ ہو۔