برطانوی پارلیمنٹ ہاؤس آف کامنز میں مسئلہ کشمیرایجنڈے پر آگیا

ہفتہ 28 جون 2014 18:51

برطانوی پارلیمنٹ ہاؤس آف کامنز میں مسئلہ کشمیرایجنڈے پر آگیا

لندن(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔8 2جون 2014ء) برطانوی وزیر خارجہ ولیم ہیگ کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی طرف سے ہونے والی انسانی حقوق کی پامالیوں پر خط لکھ دیا گیا ہے اور برطانوی پارلیمنٹ ہاؤس آف کامنز میں مسئلہ کشمیرایجنڈے پر آگیا ہے اور آئندہ چند روز میں برطانوی پارلیمنٹ پر اس پربحث ہو گی اور اس اجلاس میں مسئلہ کشمیر پر بحث کے دوران اس پرمختلف سوالات بھی کیے جائیں گے۔

اسی طرح مسئلہ کشمیر پر یاداشت پر ایک ہزار ممبران پارلیمنٹ کے دستخطوں کی مہم کا آغاز بھی کردیا گیا ہے اور یہ یاداشت بعد ازاں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو پیش کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار آج یہاں لندن میں برطانوی ممبر پارلیمنٹ و برطانوی پارلیمنٹ میں قائم آل پارٹیز کشمیر کمیٹی کے چئیر مین اینڈریو گرفتھ(Andrew Griffith) نے آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم وپاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیرکے مرکزی رہنماء بیرسٹر سلطان محمودچوہدری سے ملاقات کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے ہاؤس آف کامنز میں اپنی مختلف ممبران پارلیمنٹ سے ملاقاتوں کے بعد برطانوی ممبر پارلیمنٹ و برطانوی پارلیمنٹ میں قائم آل پارٹیز کشمیر کمیٹی کے چئیر مین اینڈریو گرفتھ(Andrew Griffith) سے ملاقات کی اور ان سے کہا کہ گذشتہ ہفتے برطانوی پارلیمنٹ ہاؤس آف کامنز میں قائم آل پارٹیز کشمیر کمیٹی کے ہونے والے اجلاس میں کیے گئے تمام فیصلوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔

جس پر اینڈریو گرفتھ نے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری پر زور دیا کہ وہ اس سلسلے میں وہ مزید ممبران پارلیمنٹ سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھیں کیونکہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کشمیری عوام کے نمائندہ ہیں اور جب وہ مسئلہ کشمیر پر بات کرتے ہیں تو انٹرنیشنل کمیونٹی اسے زیادہ توجہ سے سنتی ہے کیونکہ یہ ڈیڑھ کروڑ کشمیری عوام کا موقف ہوتا ہے۔

اینڈریو گرفتھ نے بیرسٹرسلطان محمود چوہدری کو یہ بھی یقین دلایا کہ ہم یورپ کی مختلف پارلیمان میں قائم آل پارٹیز کشمیر کمیٹیوں سے ربطے کررہے ہیں ہیں تاکہ ان پارلیمان میں کشمیر پر حمایت کو یکجا کیا جاسکے اور ہر پارلیمان میں کشمیریوں کے موقف کی نمائندگی موجود ہونی چاہیے۔تاہم برطانیہ میں ایک ملین سے زائد کشمیری بستے ہیں اور یہاں پارلیمنٹ میں بہتر طور پر مسئلہ کشمیر پر بات ہو سکتی ہے۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اینڈریو گرفتھ کو اپنے بیرون ممالک کے دورے کے دوران مختلف ممالک کی پارلیمنٹ میں آل پارٹیز کشمیر کمیٹیوں کے قیام کے بارے میں بھی بتایا اور انہیں مسئلہ کشمیر کواجاگر کرنے کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔

متعلقہ عنوان :