چین، ترکیہ، یو اے ای اورسعودی عرب میں بارشوں نے تباہی مچادی

شدید بارش سے سڑکیں تالاب بن گئیں،بارش کے باعث نظام زندگی متاثر

جمعہ 3 مئی 2024 13:44

چین، ترکیہ، یو اے ای اورسعودی عرب میں بارشوں نے تباہی مچادی
دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مئی2024ء) چین، ترکیہ، یو اے ای اور سعودی عرب میں بارشوں نے تباہی مچادی۔تفصیلات کے مطابق چینی صوبے گوانگ ڈونگ میں شدید بارش ہوئی ، بارش کے باعث ایکسپریس وے بیٹھنے سے 25 گاڑیاں کھائی میں گر گئیں جبکہ 48 افراد ہلاک ہوگئے ، بارشوں سے حادثات میں 35 افراد زخمی بھی ہوئے ۔متحدہ عرب امارات میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے ، بارش سے دبئی ایئرپورٹ کا فلائٹ شیڈول بھی متاثر ہوا جبکہ سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں بھی بادل برس پڑے۔

(جاری ہے)

سوشل میڈیا پر کنگ فہد یونیورسٹی کیمپس کی ایک مسجد کی ویڈیو وائرل ہے جس میں شدید طوفانی بارش کے باعث مسجد کی چھت زمین بوس ہو گئی، ذرائع کاکہنا تھا کہ مسجد کی چھت کو سٹیل کی چادروں سے ڈھکا گیا تھا تاکہ اس سے مزید وسیع کیا جا سکے تاہم شدید بارش اور پانی کے باعث سٹیل کی چادر وزن برداشت نہ کر سکی۔ادھر ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں بھی جل تھل ایک ہوگیا ، شدید بارش سے سڑکیں تالاب بن گئیں ، بارش کے باعث نظام زندگی متاثر ہوا اور کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی جبکہ متعدد میٹرو سٹیشنز میں پانی داخل ہوگیا جس کے باعث شہر میں میٹرو سروس معطل رہی۔