کپاس کی فصل ہماری معیشت کی جان ہے‘ڈائریکٹر جنرل زراعت

پیر 21 جولائی 2014 13:12

خانیوال(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21جولائی۔2014ء)ڈائریکٹر جنرل(زراعت) توسیع ڈاکٹر انجم علی بُٹر نے اپنے دورہٴ خانیوال میں محکمہ زراعت کے عملہ اور کاشت کاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کپاس کی فصل ہماری معیشت کی جان ہے اِس فصل کی اہمیت کو مدِنظر رکھتے ہوئے اس کی حفاظت بھی اِتنی ہی ضروری ہے۔اس لئے ایک ایک پودے،پھول اور ڈوڈی کو بچانے کیلئے تمام ممکنہ وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے اس کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے ۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے موضع تلمبہ،آڑی والا ،موضع ڈانگرہ،خالق آباد،مخدوم پور اور خانیوال کے علاقے میں کپاس کی فصل کا معائنہ کیا اور کاشت کاروں سے ملاقات بھی کی۔کاشت کاروں نے بتایا کہ اُن کے حوصلے بلند ہیں اور بہترین زرعی پیداوار کے لئے وہ ہمہ وقت کوشاں ہیں۔کاشتکاروں نے بتایا کہ حالیہ بارشوں سے کپاس کی فصل پر بہترین اثرات مرتب ہوئے ہیں جس سے سفید مکھی اور ڈسٹی بگ کا دباؤ کم ہو گیا ہے۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ آفیسر (زراعت) توسیع نذیر احمد بھٹی بھی اُن کے ہمراہ تھے۔