پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ میں ڈپلومہ ڈگری کورسز کیلئے درخواستیں 20اگست تک طلب

ہفتہ 2 اگست 2014 17:49

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2اگست۔2014ء) پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ لاہور میں ڈپلومہ و ڈگری کورسز کیلئے درخواستیں طلب کر لی گئیں،پاکستان سمیت دیگر ممالک کے ڈاکٹرز داخلے کے اہل ہوں گے، یکم جنوری 2015ء سے شروع ہونے والے اکیڈمک سیشن برائے 2014-15میں داخلے کیلئے 20اگست تک درخواستیں وصول کی جائیں گی- یہ داخلے خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر ہوں گے۔

یہ بات پرنسپل پی جی ایم آئی و ایل جی ایچ پروفیسر انجم حبیب وہرہ نے بتائی۔ انہوں نے کہا کہ پی جی ایم آئی میں جن کورسز میں داخلہ دیا جا رہے ہے ان میں ایم ایس، ایم ڈی اور ایم فل کورسز کے علاوہ ڈپلومہ کورسز اور ایف سی پی ایس پاٹ ٹو کی ٹریننگ بھی شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ پی جی ایم آئی طب کے شعبہ میں اعلی تعلیم دینے والاایک ادارہ ہی نہیں بلکہ قومی یکجہتی کی علامت بھی ہے جہاں چاروں صوبوں کے علاوہ آزاد کشمیرسے بھی ڈاکٹر تعلیم و تربیت کیلئے آتے ہیں جس سے نہ صرف ایک دوسرے کو سمجھنے کے مواقع ملتے ہیں بلکہ بین الصوبائی ہم آہنگی میں بھی اضافہ ہوتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پی جی ایم آئی میں پڑھائے جانے والے کورسز کیلئے بہت کم فیس لی جاتی ہے اگر اسی تعلیم کیلئے بیرون ملک جانا پڑے تو ایک خطیر سرمایہ درکار ہوتا ہے۔ ڈاکٹرز کو حکومت کی طرف سے فراہم کردہ ان سہولیات سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے پیشہ ورانہ میدان میں اعلی مہارت حاصل کر کے دکھی انسانیت کی خدمت کرنا چاہیے۔پرنسپل نے کہا کہ پی جی ایم آئی کے تربیت یافتہ ڈاکٹر نہ صرف پورے ملک کے سرکاری و نجی ہسپتالوں میں فرائض انجام دے رہے ہیں بلکہ ترقی یافتہ ممالک کے معروف طبی اداروں میں بھی خدمات سر انجام دے کر پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں ۔

واضح رہے کہ پی جی ایم آئی کے ایم ایس کورسز میں جنرل سرجری ، یورالوجی ، اپتھمالوجی ، نیوروسرجری، ای این ٹی، کارڈیک سرجری، آرتھو پیڈک، انستھزیا ، گائنی، پلاسٹک سرجری، ایم ڈی کورسزمیں میڈیسن، پیڈیاٹرک ، ریڈیالوجی ، ڈرماٹا لوجی، سائکاٹری اور ایم فل کورسز میں اناٹومی، بائیو کیمسٹری،فزیالوجی اورمائیکروبیالوجی سمیت بہت سے دیگر شعبہ جات شامل ہیں۔