زرداری پی ٹی آئی ،ہمارے درمیان مفاہمت کا کردار ادا کرنا چاہیں تو خوش آمدید کہیں گے ‘ رانا تنویر حسین

وزیر اعظم نہ بننے کا فیصلہ نوازشریف کا اپنا تھا ،آج وزیر اعظم بننا چاہیں تو بن سکتے ہیں‘ وفاقی وزیر صنعت و پیداوار

پیر 29 اپریل 2024 12:05

زرداری پی ٹی آئی ،ہمارے درمیان مفاہمت کا کردار ادا کرنا چاہیں تو خوش ..
مریدکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2024ء) وفاقی وزیر صنعت و پیدوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے صدر آصف علی زرداری پی ٹی آئی سمیت کسی بھی سیاسی جماعت اور ہمارے درمیان مفاہمت کا کردار ادا کرنا چاہیں تو خوش آمدید کہیں گے ۔ یہاں گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ (ن) جمہوری جماعت ہے کبھی کسی جماعت سے بات چیت یا مذاکرات سے نہیں بھاگی ،پی ٹی آئی سے بات چیت کرنے کو تیار ہیں مگر اس کے رہنمائوں کو پاکستان کے حق میں بولنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا وزیر اعظم شہباز شریف کی پہلی ترجیح معیشت کی بحالی اور مہنگائی پر قابو پانا ہے ،دو تین ماہ میں مہنگائی میں مزید کمی آئے گی جبکہ معیشت بھی درست سمت میں گامزن ہو گی ۔جب ان سے سوال کیا گیا کہ (ن) لیگ کے اندر سے سوال اٹھ رہ اہے کہ عوام نوازشریف کو وزیر اعظم دیکھنا چاہتے تھے کیا نواز شریف وزیر اعظم بن رہے ہیں جس پر رانا تنویر حسین نے کہا کہ وزیر اعظم نہ بننے کا فیصلہ نوازشریف کا اپنا تھا ،شہباز شریف کو بھی انہوں نے وزیراعظم بنایا ،اندر سے ناجانے کیوں باتیں اٹھ رہی ہیں ،نوازشریف آج وزیر اعظم بننا چاہیں تو بن سکتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف نے ہمیشہ سب کے ساتھ بیٹھنے اورساتھ لے کر چلنے کی بات کی ہے ،جب وطن لوٹے اس وقت بھی یہی بات کی تھی ۔جب ان سے سوال کیا گیا کہ اگر صدر پاکستان آصف علی زرداری مسلم لیگ (ن)اور پی ٹی آئی کو مذاکرات کی میز پربٹھاتے ہیں تو کیا آپ بیٹھیں گے جس پر رانا تنویر حسین نے کہا کہ صدر زرداری اگر مفاہمت کا شوق پورا کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں تو ہم انہیں خوش آمدید کہیں گے۔