ماہر ین تعمیرات نے داروغہ والا کی جامعہ مسجد حنفیہ کی باقی ماندہ عمارت کو نا قابل استعمال قرار دیدیا

بدھ 10 ستمبر 2014 20:24

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10ستمبر۔2014ء)ماہر ین تعمیرات نے داروغہ والا کی جامعہ مسجد حنفیہ کی باقی ماندہ عمارت کو نا قابل استعمال قرار دیدیا،متاثرہ عمارت کو گرانے کا سلسلہ متوقع طور پرکل ( جمعرات) سے شروع ہوگا ۔بتایا گیا ہے کہ حکومت کی ہدایت پر محکمہ ورکس اینڈ کمیونیکیشن ‘ ایل ڈی اور ٹیپا سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے گزشتہ روز داروغہ کا دورہ کرکے چھت گرنے سے متاثر ہونیوالی جامعہ مسجد حنفیہ کی باقی ماندہ عمارت کے قابل استعمال ہونے بارے تفصیل سے جائزہ لیا ۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ ماہرین نے اپنے تجزیے کے بعد مسجد کی باقی ماندہ عمارت کو بھی نا قابل استعمال قرار دے کر گرانے کی سفارشات تیار کی ہیں جسکے بعد متوقع طور پر مسجد کو گرانے کے سلسلہ کل ( جمعرات )سے شروع ہوگا ۔ علاوہ ازیں مسجد کے انتہائی اونچے مینار کے بارے میں جائزہ لیا گیا ہے اور اس سلسلہ میں مسجد کی انتظامیہ سے کہا گیا ہے کہ اسکی تعمیر کرنے والے ماہرین کو بلایا جائے اور مینار کی بنیادوں اور اسکی تعمیر کا تفصیل سے جائزہ لینے کے بعد اس کو گرانے یا نہ گرانے بارے کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔