ڈیرہ اسماعیل خان ، گومل یو نیو رسٹی لاء کالج میں طلبہ کیلئے خصوصی لیکچر کا اہتمام

ہفتہ 27 ستمبر 2014 15:51

ڈیرہ اسما عیل خان(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27ستمبر۔2014ء) گومل یو نیو رسٹی لاء کالج میں طلبہ کے لیئے خصوصی لیکچر کا اہتمام کیا گیا جس کے مہمان خصوصی کمشنر ڈیرہ محمد مشتاق جدون تھے ، جبکہ تقریب کی صدارت وائس چانسلر گومل یو نیو رسٹی میجر جنرل (ر) حامد شفیق ہلا ل امتیاز ملٹری نے کی ، تقریب میں کالج کے اساتذہ کے علاوہ طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی، وائس چانسلر میجر جنرل (ر) حامد شفیق نے کہا کہ طلبہ کی علمی استعداد میں اضافے کے لیئے اس نوعیت کی تقاریب کا سلسلہ انتہائی ضروری ہے، انہوں نے کہا کہ عملی زندگی میں مختلف اہم پوسٹوں پر تعینات افسران کے تجربات سے طلبہ کو روشناس کرانے کا مقصد نئی نسل کی مثبت صلاحیتوں کو جلا بخشنا ہے، انہوں نے کہا کہ کمشنر ڈیرہ کی جانب سے تقریب میں شرکت قابل ستائش ہے،اس موقع پر کمشنر ڈیرہ محمد مشتاق جدون نے کہا کہ کسی بھی علاقے میں موجود لاء کالج اس علاقے میں قانون کی پاسداری کو یقینی بنانے اور انصاف کے علم کو بلند رکھنے میں انتظامیہ کے لیئے انتہائی مدد گار ہوتا ہے، انہوں نے کہا کہ قانون کی تعلیم انتہائی اہم زمہ داری کا بوجھ اٹھانے کے مترادف ہے ، آج کے لاء کالج کے طالب علم نے مستقبل میں اس ملک میں بار یا بینچ میں سے کسی نہ کسی اہم منصب کو سنبھالنا ہوگا اور اگر زمانہ طالب علمی میں طلبہ کی توجہ تعلیم کے بجائے دیگر سرگرمیوں کی جانب مائل ہو گئی تو عملی زندگی میں اس کے نقصانات سے طالب علم ہی نہیں بلکہ پورا معاشرہ متاثر ہوگا، انہوں نے کہا کہ جب سے دنیا وجود میں آئی کسی نہ کسی نوعیت کا قانون یہاں لاگو ہی رہا ہے، انہوں نے کہا کہ گناہ اور قانون شکنی دو الگ الگ چیزیں ہیں، مگر افسوس ہم نے دونوں کو اپنی آسانی کیلئے اکھٹا کر لیا ہے جس کی شرعی حیثیت درست نہیں ، انہوں نے کہا کہ گناہ کی معافی کا تصور ہے مگر قانون شکنی کی معافی نہیں اس کی سزاء ہی قانون شکنی کی روایات کے تدارک کا باعث بنے گی، انہوں نے کہا کہ اگر معاشرے سے جزا ء و سزاء کا احساس ہی ختم ہو جائے تو معاشرہ بے راہ روی کا شکار ہوجاتا ہے ۔