خیبر پختونخوا حکومت کی مختلف شعبوں کیلئے قائم رابطہ کار کمیٹیوں کامشاورتی اجلاس، ترقیاتی منصوبوں پر ہونیوالی پیش رفت کا جائزہ ،آئندہ ترقیاتی اقدامات کے اہداف و نتائج کے حصول کو ممکن بنانے کیلئے لائحہ عمل کو حتمی شکل دینے کیلئے مشاورت

بدھ 1 اکتوبر 2014 19:23

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔1اکتوبر۔2014ء)خیبر پختونخوا حکومت کی مختلف شعبوں کے لئے قائم کی گئی رابطہ کار کمیٹیوں ، ترقیاتی شراکت داروں اور بین الاقوامی ڈونر ایجنسیوں کا اعلیٰ سطح مشاورتی اجلاس بدھ کے روز اسلام آباد میں منعقد ہوا ۔ جس میں صوبائی حکومت کے ترقیاتی منصوبوں پر اب تک ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لینے کے علاوہ موجودہ صوبائی حکومت اور اس کے ترقیاتی شراکت داروں کے باہمی اشتراک سے آئندہ ترقیاتی اقدامات کے مقررہ اہداف و نتائج کے حصول کو ممکن بنانے کے لئے لائحہ عمل کو حتمی شکل دینے کے لئے تفصیلی مشاورت کی گئی۔

محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کے زیر اہتمام منعقدہ اس ایک روزہ مشاورتی ورکشاپ میں صوبائی حکومت کی طرف سے مختلف شعبوں کے لئے قائم کردہ رابطہ کار کمیٹیوں کے ارکان ، ان محکموں کے انتظامی سربراہان اور ترقیاتی شراکت داروں کے نمائندوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

ورکشاپ کا مقصد صوبائی حکومت کے مرتب کردہ سٹریٹیجک ڈیویلپمنٹ پارٹنر شپ فریم ورک پر موثر اور نتیجہ خیز عملدرآمدکو یقینی بنانے کے باہمی مشاورت سے ٹھوس اور قابل عمل تجاویز سامنے لانا تھا۔

واضح رہے کہ صوبائی حکومت نے اپنے ترقیاتی شراکت داروں اور بین الاقوامی ڈونر ایجنسیوں کے اشتراک سے سٹریٹیجک ڈیویلپمنٹ پارٹنر شپ فریم ورک ترتیب دیا ہے جس کا مقصد صوبے میں سماجی و اقتصادی ترقی کے عمل کو تیز تر کرنا ہے۔اس موقع پر ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا خالد پرویز نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت شروع دن ہی سے اپنے اصلاحاتی ایجنڈے پر کام کر رہی ہے جس کا مقصد حکومتی معاملات میں شفافیت ، احتساب، میرٹ، بہتر حکمرانی یقینی بنانا ہے تاکہ سماجی شعبوں میں عوام کو بہتر معلومات کی فرامی اور سماجی و اقتصادی ترقی کو ممکن بنایا جاسکے اور اس سلسلے میں سٹریٹیجک ڈیویلپمنٹ پارٹنر شپ فریم ورک انتہائی مددگار ثابت ہو گا۔

ورکشاپ میں مذکورہ کمیٹیوں کے ارکان نے تفصیلی غوروخوض اور بحث مباحثہ کے بعد صوبے میں آئندہ کے ترقیاتی منصوبوں اوراصلاحاتی اقدامات پر موٴثر انداز میں عملدرآمد کو ممکن بنانے اور ان کے لئے فنڈنگ کو یقینی بنانے کے سلسلے میں لائحہ عمل مرتب کرنے کے لئے اپنی سفارشات پیش کیں۔ واضح رہے کہ ان سفارشات کی روشنی میں صوبائی حکومت عنقریب Integrated Development Strategyتشکیل دے گی۔