لاپتہ شہری عبدالحمید کے بھائی کی درخواست پر سندھ ہائی کورٹ نے حکومت سندھ اور دیگر سے جواب طلب کرلیا

جمعہ 3 اکتوبر 2014 17:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3 اکتوبر۔2014ء) سندھ ہائی کورٹ نے سہراب گوٹھ سے لاپتہ ہونے والے شہری عبدالحمید کے بھائی شیر عالم کی درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے حکومت سندھ ،ڈی جی رینجرز ،آئی جی سندھ ،ایس پی سی آئی ڈی ،ایس پی اے وی سی سی سمیت دیگر فریقین سے جواب طلب کرلیا۔کیس کی سماعت سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس محمد فاروق شاہ پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کی ۔

(جاری ہے)

درخواست گذار شیر عالم کے وکیل محمد نصیر الدین نے درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ 26ستمبر کو اے وی سی سی کے سب انسپکٹر وزیر سموں ،ایس ایچ او بلال کالونی شوکت اعوان سمیت دیگر اہلکاروں نے سہراب گوٹھ کے علاقے سے شہری عبدالحمید کو گاڑی سمیت حراست میں لیا اور ان کے اہل خانہ سے رہائی کے لیے 5لاکھ روپے طلب کررہے ہیں ۔جبکہ ان اہلکاروں نے لاپتہ شہری کے اہل خانہ سے 10ہزار روپے ایزی پیسہ کے ذریعہ بھی موصول کیے ہیں ۔رقم ادا نہ کرنے پر عبدالحمید پرجھوٹے مقدمات قائم کرنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں ۔پولیس اہلکار اس سے قبل بھی عبدالحمید کو حراست میں لے کر 6لاکھ 50ہزار روپے وصول کرچکے ہیں ۔عدالت نے نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین سے جواب طلب کرلیا ۔

متعلقہ عنوان :