آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے بیاسیویں (82ویں) ایام تاسیس کے پروگرام کومرکزی سطح پر حتمی شکل دے دی گئی

ہفتہ 11 اکتوبر 2014 17:05

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔1 1اکتوبر 2014ء)آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے بیاسیویں (82ویں) ایام تاسیس کے پروگرام کومرکزی سطح پر حتمی شکل دے دی گئی مسلم کانفرنس کی بنیاد سرینگر کی پتھر مسجد میں 15/16/17اکتوبر 1932کو کشمیری مسلمانوں کے ایک تاریخ ساز اجتماع میں رکھی گئی تھی۔ مسلم کانفرنس کی سیکرٹری جنرل محترمہ مہر النسا کی جانب سے جاری اعلانیہ کے مطابق مسلم کانفرنس کے صدر سردار عتیق احمدخان نے یوم تاسیس کے حوالے سے مسلم کانفرنس کی مرکزی مجلس عاملہ کا ایک خصوصی اجلاس 16/ اکتوبر بروزجمعرات 10بجے دن ہوٹل رائل پیلس نزد ایوب پارک راولپنڈی میں طلب کر لیا ہے ۔

اجلاس میں مسلم کانفرنس کی بنیاد رکھنے والے قائدین کو خراج عقیدت پیش کرنے کے علاوہ مسلم کانفرنس کے شاندار اور قابل فخر بیاسی سالہ تاریخی سفرکا جائزہ لینے اور موجودہ حالات میں اس قومی مشن کو آگے بڑھانے کے لئے بہتر اور موثر حکمت عملی اختیار کرنے کی غرض سے لائحہ عمل مرتب کرنے پر غور ہو گا ۔

(جاری ہے)

جبکہ 15/ اکتوبر بروز بدھ 10بجے دن مسلم کانفرنس کے سینئر رہنما اور اراکین ، عہدے داران مجاہد منزل میں مسلم کانفرنس کے سپریم ھیڈ اور قائد تحریک مجاہد اول سردار عبد القیوم خان سے ملاقات کریں گے اور مسلم کانفرنس کی بیاسیویں سالگرہ کاکیک کاٹا جائے گا ۔

دریں اثنا مسلم کانفرنس کے مرکزی ایڈیشنل سیکرٹر ی جنرل فدا حسین کیانی نے کہا ہے کہ صدر مسلم کانفرنس اور سابق وزیر اعظم سردار عتیق احمد خان کی ہدایت کے مطابق آزاد کشمیر ، پاکستان اور دنیا بھر میں مسلم کانفرنس کے عہدے داران اور کارکنان15/16/17اکتوبر کو تین روزہ تقریبات کاانعقاد کریں گے اور تحریک آزادی کشمیر و الحاق پاکستان کو جاری رکھنے کے عہد کی تجدید کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ مسلم کانفرنس کے کارکنان کو اپنی بیالیس سالہ تاریخ پر فخرہے، مسلم کانفرنس کی قیادت اور کارکنان نے استقامت کے ساتھ اس سارے عرصہ میں ریاست کے اسلامی ، نظریاتی اور سیاسی تشخص پر مکمل پہر دیا اور مشکل ترین حالات میں جماعت کے مقاصد کو کامیابی کی طرف گامزن کرنے کیلئے بھرپورکردار ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ یوم تاسیس تجدید عہد کا دن ہے ۔