سکولوں میں فوری اور ضروری مسائل کے حل کیلئے سکول مینجمنٹ کونسلوں کوموثر اور فعال بنا کر فنڈز میں خاطر خواہ اضافہ کر دیا گیا ہے،رانا مشہود خان

ہفتہ 15 نومبر 2014 20:42

بہاول پور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 15نومبر 2014ء)صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ پنجاب بھر میں سکولوں میں فوری اور ضروری مسائل کے حل کے لئے سکول مینجمنٹ کونسلوں کومزید موثر اور فعال بنا کر فنڈز میں خاطر خواہ اضافہ کر دیا گیا ہے۔اس سلسلہ میں ضلع بہاول پور کی سکول کونسلوں کو 8کروڑ66لاکھ 70ہزار روپے سے زائد فنڈز کی پہلی قسط فراہم کر دی گئی ہے۔

وہ ڈی سی او آفس کے کمیٹی روم میں دی جانے والی بریفنگ سے اظہار خیال کر رہے تھے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر امداد باہمی ملک محمد اقبال چنڑ، اراکین اسمبلی مخدوم علی حسن گیلانی، خالد محمودوارن، خالد ججہ، شعیب اویسی، افضل گل، کاظم پیرزادہ، عدنان فرید قاضی، ڈاکٹر وسیم اختر، مسز پروین مسعود بھٹی، فوزیہ ایوب قریشی، حسینہ ناز، ڈی سی او عمران سکندر بلوچ، ای ڈی او ایجوکیشن چوہدری بشیر احمد، ڈائریکٹر کالجز محمود الحسن اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔

(جاری ہے)

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ضلع بھر میں 1953بوائز اینڈ گرلز سکول کام کر رہے ہیں اور سکولوں میں عدم فراہم سہولیات کی 1019سکیموں پر کام جاری ہے جن پر 47کروڑ78لاکھ روپے خرچ ہوں گے۔ صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ تعلیم ہر ایک بچہ کا بنیادی حق ہے جسے فراہم کرنے کے لئے حکومت بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سکولوں میں سو فیصد انرولمنٹ، طلبہ کی سکولوں میں حاضری اور اعلیٰ کوالٹی کی ایجوکیشن اور تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سکول مینجمنٹ کونسل میں فعال اور کام کرنے کا جذبہ رکھنے والے افراد کو شامل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سکول کونسل کے فنڈز درست انداز اور شفاف طریقہ سے استعمال کیا جائے۔ انہوں نے اراکین اسمبلی سے کہا کہ وہ اپنے اپنے حلقوں میں موجود سکولوں کا دورہ کریں اور سکولوں میں پائی جانے والے مشکلات کو حل کرانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

صوبائی وزیر تعلیم نے بتایا کہ سکول طلباوطالبات میں نظم وضبط لانے کے لئے گرلز گائیڈ اور بوائز سکاؤٹس ایسوسی ایشنوں کو فعال کیا جا رہا ہے۔اس موقع پر صوبائی وزیر امداد باہمی ملک محمد اقبال چنڑ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کا وژن ہے کہ ہر بچہ تعلیم یافتہ اور ہنر مند ہو۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ والدین اپنے بچوں کو سکول بھیجیں اور اساتذہ جذبہ حب الوطنی سے انہیں تعلیم سے آراستہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں انقلاب قلم اور کتاب سے آئے گا لہٰذا والدین اور اساتذہ مل کر ملک کے معماروں کو بہتر تعلیم دیں۔ بریفنگ میں اراکین اسمبلی نے بہتر تعلیمی سہولیات کے حوالہ سے مفید تجاویز پیش کیں۔