سندھ ہائی کورٹ نے چیف سیکرٹری کو 2 دسمبر تک شوگر مل مالکان ‘ آبادگار،اور دیگر متعلقہ افراد سے مشاورت کر کے چینی کی قیمت کا تعین کرنے کا حکم دیدیا

جمعہ 28 نومبر 2014 21:27

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28نومبر 2014ء) سندھ ہائی کورٹ نے چیف سیکرٹری سندھ کو ہفتے تک شوگر مل مالکان ‘ آبادگار،اور دیگر متعلقہ افراد کے ساتھ بیٹھ کر چینی کی قیمت کا تعین کرنے کا حکم دیدیا ۔چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس مقبول باقر کی سربراہی میں بینچ نے گنے کی کرشنگ اور چینی کی قیمت سے متعلق درخو استوں کی سماعت کی عدالت نے یکم دسمبر سے سندھ میں گنے کی کرشنگ کرنے کا حکم دے دیا۔

(جاری ہے)

عدالت نے چیف سیکریٹری سندھ کو ہفتے تک شوگر مل مالکان ، آبادگار، اور دیگر متعلقہ افراد کے ساتھ بیٹھ کر چینی کی قیمت کا تعین کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ تعین کردہ چینی کی قیمت کی سمری وزیر اعلی سندھ منظور کریں۔ڈپٹی اٹارنی جنرل نے موقف اختیار کیا کہ گنے کی کرشنگ نہ ہونے کے باعث کسانوں کا نقصان ہورہا ہے۔گنے کی کرشنگ نہ ہونے کے باعث گندم کی کاشتکاری رکی ہوئی ہے۔

شوگر مل مالکان کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ سندھ میں گنا فی من 182 روپے کردیا گیا ہے اس لحاظ سے چینی کی قیمت فی کلو 60 سے 70 روپے ہونی چاہئے۔اس وقت صوبے میں چینی فی کلو 49روپے مقرر ہے جو گنے کی قیمت کے اعتبارسے کم اور مل مالکان کا نقصان ہے جس پر عدالت نے یکم دسمبر تک چینی کی قیمت مقرر کرکے عدالت کو آگاہ کرنے کا حکم دیا۔

متعلقہ عنوان :