وزیر آبپاشی خیبرپختونخوا کا لنڈاکی سے کالام تک سڑک کی تعمیراتی کاموں میں ناقص میٹریل کے استعمال پر برہمی کا اظہار

پیر 8 دسمبر 2014 17:18

پشاور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 08 دسمبر 2014ء) خیبر پختونخو اکے وزیر برائے آبپاشی محمود خان نے نیشنل ہائی ویز اتھارٹی کے زیر اہتمام چالیس کروڑروپے کی لاگت سے لنڈاکی سے کلام تک سڑک کی تعمیراتی کاموں میں ناقص میٹریل کے استعمال پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے کہا ہے کہ وہ فوری طورپر سڑک کے تعمیراتی کام میں ناقص میٹریل استعمال کرنے والوں میں ملوث ٹھیکدار اور دیگر اہلکاروں کے خلاف قانونی کاروائی کریں اور سڑک کے تعمیراتی کام میں معیاری میٹریل کے استعمال کو یقینی بنائیں ۔

ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے پیر کے روزپشاور میں ضلع سوات اور تحصیل مٹہ میں سڑکوں اور پلوں پر تعمیراتی کام کی رفتار کا جائزہ لینے کے سلسلے میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جبکہ اجلاس میں سپرٹنڈنگ انجینئر مواصلات وتعمیرات سوات عامر دُرانی ،ایکزیکٹیو انجینئرآصف عمران،پراجیکٹ ڈائریکٹر جیکاسمیت دیگر حکام بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں مٹہ سے فاضل بانڈہ تک اور حلقہ پی کے 84میں سڑکوں ،پلوں ،حفاظتی دیواروں اور دیگر منصوبوں پر تعمیراتی کام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔

ایس ای مواصلات و تعمیرات نے اجلاس کو بتایا کہ تحصیل مٹہ کے عوام کے لئے خوشخبری ہے کہ مٹہ سے فاضل بانڈہ روڈ پر تیزی سے تعمیراتی کام جاری ہے جو مقررہ مدت میں پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر موصوف نے ضلعی تعمیر نو کے محکموں کے سربراہوں سے کہا کہ وہ عوام کی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں اعلیٰ معیار اور مقدار کو برقرار رکھتے ہوئے مقررہ مدت میں پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بھروئے کار لائیں تاکہ تمام منصوبے معیاری اور بروقت مکمل ہوسکیں اور ان کے ثمرات سے زیادہ سے زیادہ لوگ مستفید ہو سکیں ۔

اُنہوں نے خبر دار کیا کہ ترقیاتی کاموں کے معیار اور مقدار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے ترقیاتی کاموں میں کمیشن مافیاکا خاتمہ کرکے قومی وسائل کو عوام کی فلاح وبہبود کے کاموں پر خرچ کرنے کو یقینی بنایا ۔اُنہوں نے کہا کہ کسی بھی علاقے کی تعمیر و ترقی میں ذرائع مواصلات و تعمیرات نہایت اہمیت کے حامل ہیں اس لئے صوبائی حکومت دیگر شعبوں کی طرح ذرائع مواصلات و تعمیرات کے شعبے کی بہتری اور اصلاح پر بھرپور توجہ دے رہی ہے ۔

متعلقہ عنوان :