سی پی ایل سی نے موٹر وے پولیس کو تمام تر تکنیکی سہولیات اور مدد فراہم کرنے کی پیشکش کردی

جمعہ 12 دسمبر 2014 16:54

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12 دسمبر 2014ء) چیف سی پی ایل سی سندھ گورنر ہاوس احمد چنائے نے موٹر وے پولیس کو تمام تر تکنیکی سہولیات اور مدد فراہم کرنے کی پیشکش کردی۔ان خیالات کا اظہار چیف سی پی ایل سی احمد چنائے نے آئی جی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس کے سی پی ایل سی سندھ گورنر ہاوس کے دورہ پر کیا۔آئی جی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس ذوالفقار چیمہ کو گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کی جانب سے چیف سی پی ایل سی احمد چنائے نے مدعو کیا تھا۔

محترم مہمان کو احمد چنائے نے سی پی ایل سی سندھ گورنر ہاوس کے تمام شعبہ جات بشمول سی پی ایل سی وومن کمپلین سیل،ہمہ وقت کام کرنے والا کال سینٹر اور دیگر ڈپارٹمنٹس کا بھی دورہ کروایا گیا۔ذولفقار چیمہ کو سی پی ایل سی سندھ گورنر ہاوس کے قیام ،ادارے کی تاریخ اور رفتہ برفتہ ہونے والی تمام تر کامیابیوں کے سلسلے کا بھی تعارف کروایا گیا۔

(جاری ہے)

سی پی ایل سی سندھ گورنر ہاوس کی جرائم کے خلاف جدوجہد اور سماجی خدمات کی طویل تفصیل جان کر آئی جی موٹر وے پولیس اور ان کی ٹیم متاثر ہوئے بنا نہ رہ سکی،اور ذوالفقار چیمہ کی جانب سے احمد چنائے کو کامیابیوں کے اس عظیم تر سلسلے پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔احمد چنائے نے اس موقع پر آئی جی موٹر ویز سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سندھ پولیس اور سیکورٹی کے دیگر اداروں کے ساتھ سی پی ایل سی گزشتہ پچیس سال سے معاونت کرتی آ رہی ہے،اور موٹر وے پولیس کو بھی سی پی ایل سی سندھ گورنر ہاوس اپنی خدمات سے استفادہ کرنے پیشکش کرتا ہے۔احمد چنائے نے مزید کہا کہ سی پی ایل سی سندھ آنے والے دنوں میں کمیونٹی ڈویلپمنٹ کے مزید پروگرامز لانچ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

متعلقہ عنوان :