اظہار رائے کی آزادی مسلمانوں کے مذہبی جذبات مجروح نہ کرے، چوہدری محمد برجیس طاہر،

سیپ اساتذہ کا مسئلہ جلد اور خوش اسلوبی سے حل کیا جائے گا،گلگت بلتستان کو گندم کی فراہمی میں تعطل برداشت نہیں کیا جائے گا،جی بی میں انتخابات کے جلد از جلد انعقاد کو یقینی بنایا جائے،وفاقی وزیرکی چیف منسٹر گلگت بلتستان شیر جہان میر سے ملاقات

جمعرات 15 جنوری 2015 20:37

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15جنوری2015ء)وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ دیگر مذاہب کے لوگوں کو مسلمانوں کے جذبات سے نہیں کھیلنا چاہیے۔ مسلمان دیگر مذاہب کا احترام کرتے ہیں اور فرانسیسی جریدے میں چھپنے والے گستاخانہ خاکے باعث افسوس ہیں۔ آزادی اظہار سب کا حق ہے تاہم آزادی اظہار کی تلوار کو کسی مذہب کے جذبات مجروح کرنے کے لیے استعمال کرنے کی اجازت ہر گز نہیں دی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیف منسٹر گلگت بلتستان شیر جہان میر سے ملاقات میں کیا۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے ان کے دفتر میں ان سے ملاقات کی اور گستاخانہ خاکوں سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعلیٰ نے گلگت بلتستان نے وفاقی وزیر کے سامنے گندم کی فراہمی میں تعطل کا معاملہ اٹھایا جس پر وفاقی وزیر نے بتایا کہ گلگت بلتستان کے لیے گندم روانہ کردی گئی ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کا تعطل یا مطلوبہ ذخیرے میں کمی کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے سَیپ اساتذہ کے معاملے کے خوش اسلوبی سے حل پر اور اس سلسلے میں وزیرامور کشمیر و گلگت بلتستان کی کاوشوں کا شکریہ ادا کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سیپ اساتذہ کا مسئلہ جلد حل کر لیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے خطہ میں انتخابات کے جلد از جلد انعقاد کے سلسلہ میں بتایا کہ وہ اس حوالے سے چیف الیکشن کمشنر کی ہدایات کے پابند ہیں کیونکہ موسم سرد سے سرد ہوتا جارہا ہے۔

چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا کہ انتخابات کے جلد انعقاد کو یقینی بنایا جائے اور اس حوالے سے پیش آنے والی رکاوٹوں کا ہمیں بتایا جائے تاکہ ان کو دور کیا جاسکے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ جیسے ہی حالات بہتر ہوں گے چیف الیکشن کمشنر کی ہدایت کے مطابق فوری طور پر انتخابات کروا دیے جائیں گے۔ اس ملاقات میں وفاقی سیکرٹری امور کشمیر و گلگت بلتستان ڈویژن شاہداللہ بیگ بھی موجود تھے۔