عالمی شہرت یافتہ پاکستانی خطاط صادقین کی28ویں برسی 10فروری کو منائی جائے گی

ہفتہ 7 فروری 2015 17:48

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07فروی 2015ء) عالمی شہرت یافتہ پاکستانی خطاط صادقین کی28ویں برسی 10فروری کو منائی جائے گی اس سلسلے میں مختلف ثقافتی تنظیموں کی جانب سے تقریبات کا اہتمام کیا جائے گاجس میں صادقین کی فنی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔ اسلامک کیلی گرافک آرٹسٹ صادقین کا نام محتاج تعارف نہیں ہے مصوری اور خطاطی کی دنیا میں انہوں نے انمٹ نقوش چھوڑے ہیں جن کی ابھی تک نقالی کی جا رہی ہے ۔

سیّد صادقین نقوی 1930ء کو امروہہ میں پیدا ہوئے صادقین نے اپنی زندگی کا بیشتر حصہ مصوری کے دشت کی سیاحی میں گزاراحتیٰ کہ وہ اپنی موت کے وقت بھی تخلیقات میں مصروف تھے۔صادقین فاؤنڈیشن کے ایک اندازے کے مطابق صادقین نے خطاطی اور مصوری کے 15ہزار سے زائد نمونے تخلیق کیے صادقین نے اپنے اکثر فن پارے سیاسی شخصیات،اداروں اور بعض اجنبی افراد کو بھی عطیہ کیے۔

(جاری ہے)

صادقین اسلامی خطاطی کے فن کو زندہ کرنے والے تھے انہوں نے منگلا ڈیم،سورہ رحمان کی خطاطی،لاہور عجائب گھر کے ماڈل اور دیگر شہہ پارے بھی تخلیق کیے ۔صادقین نے مرزا غالب کی شاعری کو اپنے فن خطاطی اور مصوری کے اظہار کا ذریعہ بنایا۔صادقین کو ان خدمات کے عوض تمغہ امتیاز ،ستارہ امتیاز اور صدارتی ایوارڈ سے جبکہ آسٹریلیا سمیت متعدد غیر ممالک سے بھی ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔صادقین 10فروری1987ء کو انتقال کر گئے تھے ۔