عوامی خدمت کی نئی تاریخ نے قوم کی مسترد قوتوں کی نیندیں اڑا دی ہیں،علی اکبر گجر

جمعرات 12 فروری 2015 16:27

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12فروی 2015ء)حکمران پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا ہے کہ عوامی خدمت کی نئی تاریخ نے قوم کی مسترد قوتوں کی نیندیں اڑا دی ہیں․ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے بغیر کوئی نئی سیاسی قوت عوام کی پذیرائی حاصل نہیں کر سکتی کراچی سے خیبر تک قوم دیکھ رہی ہے کہ قائد اعظم محمد علی جناح کی جانشینی کا بہترین حق وزیر اعظم پاکستان ادا کر رہے ہیں․ ملک کی خالق جماعت ہی پاکستان مسلم لیگ(ن) کی صورت میں قائد اعظم کی امانت کی حفاظت کا فریضہ ادا کر رہی ہے․ سابق ڈکٹیٹر تانگے کی سواریوں کو پاکستان مسلم لیگ(ن) کا متبادل بنانے کی کوشش کر رہا ہے لیکن کوئی محب وطن پاکستانی جمہوریت دشمنوں کا ساتھ دینے کو تیار نہیں․ پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے صوبائی نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کی قیادت کو پاکستان اور پاکستانی قوم کے لئے نعمت خداوندی کہیں تو بے جا نہ ہوگا جن کی قیادت میں پاکستان ایٹمی قوت بنا، ملکی ترقی کے جدید منصوبوں کا آغاز ہوا اور اب ملک میں سونے اور تانبے جیسی قیمتی معدنیات کی دریافت اٹھارہ کروڑ پاکستانیوں کے لئے خداوند تعالی کا خصوصی انعام ہے․ پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے صوبائی نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا ہے کہ سابق آمر کا" مائنس ون" فارمولا ان کی اقتدار میں و اپسی کی خواہش کی طرح دم توڑ چکا ہے․ تاریخ سابق آمر کوپاکستان مسلم لیگ(ن) کی منتخب حکومت پر شبخون مارنے کا دوسرا موقع نہیں دے گی اور نہ ہی عوام ڈکٹیٹر کی خواہشات کا ایندھن بننے کے لئے تیار ہیں․ منتخب پارلیمنٹ اور صوبائی حکومتیں آئینی کردار کرتے ہوئے جمہوریت کے خلاف سابق آمر کی کسی سیاسی چال کو کامیاب نہیں ہونے دیں گی․ پاکستان مسلم لیگ(ن) ہی قائد اعظم محمد جناح کی جانشنی کا حقیقی کردار ادا کر رہی ہے اور مستقبل میں بھی پاکستان کے تحفظ اور ترقی کے لئے اپنی جد وجہد جاری رکھے گی․ علی اکبر گجر نے کہا کہ سینٹ کے انتخابات مکمل ہونے کے بعد پاکستان میں جمہوریت کو نئی زندگی ملے اور پاکستان مسلم لیگ(ن) عوامی خدمت کے لئے مزید بہتر انداز سے پیش قدمی کرتے ہوئے پاکستان کے طول وعرض میں خوشحالی کے نئے جال بچھا کر پاکستانیوں کی زندگی میں انقلابی تبدیلیاں لائے گی․ پاکستان میں جمہوریت پر شبخون مارنے والے آمر کی کوششیں کبھی کامیاب نہیں ہونگی اور ملک میں کوئی سیاسی قوت پاکستان مسلم لیگ(ن) کا نعم البدل نہیں ہو سکتی․ سابق ڈکٹیٹر عدالت میں پیش ہونے کے معاملے میں تو بیماری کا سہارا لے کر عدالتوں میں پیش نہیں ہوتے لیکن اقتدار میں واپسی کے لئے ان کی پھرتیاں حیرت انگیز ہیں․ اعلی عدالتوں کو سابق ڈکٹیٹر کی سیاسی سرگرمیوں اور عدالتوں میں پیشی سے مسلسل پہلو چرانے کے معاملے کا بھی نوٹس لیں تاکہ پاکستان میں جمہوری عمل کی راہ میں روڑے اٹکانے والوں کی منفی سرگرمیوں کا سد باب ممکن ہو سکے․