خیبر ایجنسی میں شرپسندوں کی فائرنگ سے پولیو ٹیم کا ڈرائیور جاں بحق

ہفتہ 14 فروری 2015 13:28

خیبر ایجنسی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14فروی 2015ء ) خیبر ایجنسی میں شرپسندوں کی فائرنگ سے پولیو ٹیم کا ڈرائیور جاں بحق ہوگیا ذرائع کے مطابق پولیو ٹیم معمول کے مطابق بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کیلئے راؤنڈ پر تھی کہ اچانک نامعلوم شرپسندوں نے گاڑی پر فائرنگ کر دی جس سے پولیو ٹیم کا ڈرائیور شدید زخمی ہوگیا اسے ہسپتال لے جایا جا رہا تھا کہ اس نے راستے میں دم توڑ دیا ذرائع کے مطابق واقعہ کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ‘ آکا خیل اور باڑہ کے علاقے میں شدت پسندوں کے خلاف کریک ڈاوٴن کا آغاز کردیا گیاواضح رہے کہ پاکستان، افغانستان اور نائجیریا کے ہمراہ ان تین ممالک میں شامل ہے جہاں ابھی تک پولیو جیسے موذی مرض کا خاتمہ نہیں ہو سکا ۔

(جاری ہے)

سال 2000ء میں پاکستان نے ملک سے پولیو کے خاتمے کا عزم کیا اور انسدادِ پولیو مہم کے باعث 2005ء میں پولیو کے محض 28 کیسز رپورٹ ہوئے تاہم 2008 کے بعد ملک میں پولیو کی شرح بڑھتی چلی گئی اور 2014ء میں پولیو کے 210 سے زائد کیسز ریکارڈ کیے گئے جو پوری دنیا میں ریکارڈ کیے جانے والے پولیو کیسز کا اسّی فیصد ہیں۔عالمی ادارہ صحت کے مطابق پاکستان میں پایا جانے والا پولیو وائرس دنیا کے پانچ ممالک کو متاثر کر چکا ہے اور یہ دیگر ممالک کے لیے بھی خطرے کا نشان ہے۔

متعلقہ عنوان :