افغان صدارتی محل کے قریب خودکش حملہ، 7افراد ہلاک، 36 زخمی

بدھ 25 مارچ 2015 23:15

کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 مارچ۔2015ء) افغان صدارتی محل کے قریب خودکش حملے کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک اور 36زخمی ہوگئے۔بدھ کو افغان میڈیا کے مطابق وزارت داخلہ کے ترجمان نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دہشت گردی کا یہ واقعہ کابل کے وسط میں واقع ضلع مراد خانی میں پیش آیا جہاں افغان صدارتی محل کے قریب ایک خود کش حملہ آور نے بارودی مواد سے بھری کار کو دھماکے سے اڑادیا جس کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک اور36 زخمی ہوگئے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان کا کہنا تھا کہ افغان صدارتی محل کے قریب ہی وزارت دفاع کا مرکزی دفتر اور ضلعی پولیس ہیڈ کوارٹر بھی واقع ہے تاہم دھماکے کے نتیجے میں ان عمارتوں کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچا جب کہ دھماکے کی ذمہ داری کسی گروپ کی جانب سے قبول نہیں کی گئی ہے۔واضح رہے کہ طالبان کی جانب سے افغانستان میں مزید قوت کے ساتھ بڑے حملے کرنے کا اعلان کیا گیا ہے جس کیبعد کابل سمیت ملک بھر میں سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں۔