سعودی وزیر کی جمعیت علمائے اسلام آزادکشمیر کے وفد سے گفتگو،خصوصی دعاؤں کی اپیل

پاکستانی پارلیمنٹ کی متفقہ قرارد احسان عظیم ہے،امت مسلمہ بھی اس کی تقلید کرے، وزیر مذہبی امور ڈاکٹر عبدالعزیز بن عبداللہ العمار حرمین شریفین کیخلاف اٹھنے والی ہر آواز کو دبا دینگے، قوم ہر مشکل گھڑی میں سعودی عرب کی پشت پر ہو گی،علماء وفد

اتوار 12 اپریل 2015 16:40

سعودی وزیر کی جمعیت علمائے اسلام آزادکشمیر کے وفد سے گفتگو،خصوصی دعاؤں ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12 اپریل۔2015ء) مملکت سعودی عرب کے وزیر مذہبی امور و اوقاف الشیخ ڈاکٹر عبدالعزیز بن عبداللہ العمار نے پاکستان و آزاد کشمیر کے علماء کرام اور آئمہ مساجد سے اپیل کی ہے کہ وہ مساجد و مدارس میں حرمین شریفین اور مملکت سعودی عربیہ کی سلامتی و بقاء کیلئے خصوصی دعاوٴں کا اہتمام کریں۔ جمعیت علماء اسلام عجم اور عرب دونوں میں دین متین کی سربلندی کیلئے جو خدمات سر انجام دے رہے ہے سعودی حکومت اسے قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

پاکستانی پارلیمنٹ کی متفقہ قرارد احسان عظیم ہے۔امت مسلمہ بھی اس کی تقلید کرے۔گزشتہ روز اسلام آباد میں جمعیت علمائے اسلام جموں و کشمیر کے 16رکنی اعلیٰ سطحی وفد نے سعودی عرب کے وزیر مذہبی امور و اوقاف سے خصوصی ملاقات کی۔

(جاری ہے)

وفد کی قیادت جمعیت علماء اسلام آباد کے امیر مولانا سعید یوسف خان، سرپرست اعلیٰ مفسر قرآن مولانا محمد اسحاق خان المدنی، سرپرست شیخ القرآن مولانا قاری عبدالمالک توحیدی نے کی۔

وفد میں مرکزی ناظم اطلاعات قاری محمد افضل خان، سابق امیدوار اسمبلی مولانا سلیم اعجاز خان، مولانا ہدایت اللہ، سابق مرکزی ترجمان مولانا قاری عبدالماجد خان،امیر ضلع مظفرآباد مولانا محمد یونس شاکر، ڈویژنل امیر مولانا محمد معروف، سابق امیدوار اسمبلی مولانا الطاف بٹ، مولانا عطاء الرحمن ایڈووکیٹ سمیت دیگر جید علمائے کرام ، مفتیان عظام شامل تھے۔

مولانا سعید یوسف نے سعودی عرب کی حوثی باغیوں کے خلاف آپریشن کی مکمل حمایت کرتے ہوئے کہا کہ حرمین شریفین کیخلاف اٹھنے والی ہر آواز کو دبا دینگے۔ حکومت پاکستان اور مسلح افواج نے حرمین شریفین کے بھرپور دفاع کا اعلان کیا ہے۔ قوم ہر مشکل گھڑی میں سعودی عرب کی پشت پر ہو گی اور حرمین شریفین کا ہر صورت دفاع کریگی۔وفد نے عالم اسلام میں سعودی حکومت کی اعلیٰ دینی اور سماجی خدمت پر جمعیت علمائے اسلام جموں و کشمیر کی جانب سے زبردست خراج تحسین پیش کیا اور سعودی عرب کے بانی شیخ عبدالعزیز آل سعود ، شاہ فیصل شہید ، شاہد خالد، شاہد فہد اور شاہ عبداللہ مرحومین کی اسلام سے محبت ، حرمین شریفین کی تعمیر ، قرآن و سنت کی تعلیم عام کرنے کیلئے پوری دنیا میں ان کے کردار کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔

سعودی وزیر نے خادم حرمین الشریفین کا خصوصی پیغام جمعیت علماء اسلام تک پہنچایا۔ جس میں خارجی قوتوں کے خلاف سعودی عرب کے آپریشن” تباہ کن طوفان“کی کامیابی ، حرمین شریفین کے دفاع اور سلامتی اور سعودی عرب کی سلامتی کیلئے خصوصی دعاوٴں کے اہتمام کی استدعا کی گئی۔ علماء نے سعودی وزیر کو بتایا کہ علماء کرام اور عوام سعودی عرب کے ساتھ ہیں۔ اور روز اول سے حرمین شریفین اور سعودی عرب کی سلامتی کیلئے دعا گو ہیں اور اب ان کا مزید اہتمام کیا جائے گا۔ سعودی وزیر نے بتایا کہ امسال حج بیت اللہ کیلئے حاجیوں کو مزید سہولیات اور وسیع و عریض مکانیت کا اہتمام کیا گیا ہے۔