ہزار گنجی میں سہولیات کی عدم فراہمی کے باوجود ٹرانسپوٹروں کو شفٹ کرنے کی مذمت کرتے ہیں، بی این پی

پیر 20 اپریل 2015 22:14

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20اپریل۔2015ء) بلوچستان نیشنل پارٹی ضلع کوئٹہ کے جاری کردہ بیان میں ہزار گنجی میں سہولیات کی عدم فراہمی کے باوجود ٹرانسپوٹروں کو شفٹ کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ حکومت وقت کی اجلت میں اڈے کو شفٹ کرنے سے بہت سے مسائل اور مشکلات جنم لیں گے مسافروں کی شہر آمد کیلئے پک اینڈ ڈراپ کی سہولت میسر نہیں جس کے نتیجے میں غریب عوام کو مسائل و مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کے نتیجے میں کوئٹہ شہر میں آئے روز مسائل میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے جس کے نتائج عوام بھگت رہے ہیں بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت وقت اڈہ کو ہزار گنجی شفٹ کرنے سے پہلے ٹرانسپوٹروں ‘ سیاسی جماعتوں ‘ سول سوسائٹی کو اعتماد میں لیتے تو مسائل میں کافی حد تک کمی ہو سکتی ہے اور تمام مکاتب فکر کے لوگ مطمئن ہوتے لیکن حکمران صرف اور صرف اپنے فیصلوں کو عوام اور ٹرانسپوٹروں پر مسلط کرنے کی پالیسیوں پر گامزن ہیں جس کے نتیجے میں آج ٹرانسپورٹر ہڑتال پر مجبور ہو کر اپنے جائز مطالبات کیلئے احتجاج کر رہے ہیں لیکن حکمران ان کے جائز شکایات کو دور کرنے کی بجائے اڈے کو ہزار گنجی شفٹ کرنے پر بضد ہیں آج وہاں بنیادی ضروریات زندگی کا فقدان ہے ایسے حالات میں اڈے کو شفٹ کرنے سمجھ سے بالاتر ہے عوام کے مفادات کے خلاف کسی بھی حکومتی فیصلے کو قبول نہیں کیا جائیگا دریں اثناء پارٹی کے ضلعی لیبر سیکرٹری ڈاکٹر علی احمد پرکانی ‘ کیچی بیگ یونین کونسل کے چیئرمین حاجی فاروق شاہوانی ‘ حاجی عالمگیر مینگل ‘ ہدایت اﷲ جتک اور پارٹی کے دیگر رہنماؤں نے ٹرانسپورٹر یونین کی جانب سے منعقدہ احتجاجی کیمپ جا کر پارٹی کی جانب سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ پارٹی ٹرانسپوٹرز کے تحفظات اور خدشات کو دور کئے بغیر ٹرانسپوٹرز کے جائز مطالبات کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ٹرانسپوٹرز کے جائز مطالبات کو فوری طور پر تسلیم کرتے ہوئے اجلت اور جلد بازی کے فیصلوں سے گریز کرے کیونکہ ایسے فیصلوں سے بہت سے مسائل جنم لیتے ہیں ۔