خیبر پختونخوا میں گندم کی خریداری کے16مراکز قائم کر دئیے گئے

بدھ 29 اپریل 2015 21:08

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29اپریل۔2015ء)محکمہ خوراک خیبر پختونخوا نے موجودہ فصل خریف کے دوران مقامی کاشتکاروں اور جملہ پارٹیزسے گندم کی خریداری کا انتظام کیاہے اس مقصد کے لئے پورے صوبے میں 16خریداری سنٹرو ں کی تشکیل کی گئی ہے ۔یکم مئی2015سے گندم کی خریداری شروع ہوگی ۔خریداری مراکز پشاور،اضاخیل،نوشہرہ،صوابی،چارسدہ،مردان،ہری پور،حویلیاں،مانسہرہ،سرائے نورنگ(لکی مروت) ہنگو، بٹگرام، بونیر،دیر لوئر،سوات اور مالاکنڈ میں قائم کئے گئے ہیں جبکہ محکمہ خوراک خیبر پختونخواکا عملہ مذکورہ بالا خریداری سنٹروں پر تمام د ن بشمول ہفتہ و اتوار موجودرہے گا اور مقامی کاشتکاروں اور پارٹیز سے جو اپنی گندم برائے فروخت پیش کریں گے ،خریدے گا۔

اس مقصد کی تکمیل کے لئے محکمہ خوراک خیبر پختونخوا مقامی کاشتکاروں اور پارٹیز سے توقع کرتا ہے کہ وہ ان سنٹروں پر صاف ستھری اور معیاری گندم برائے خریداری پیش کریں گے۔

(جاری ہے)

گندم کے معیار کی تصدیق مانیٹرنگ و پرچیزکمیٹی کرے گی۔گندم معیاری پائے جانے کی صورت میں اس کی قیمت بحساب1300/-روپے فی40کلو گرام متعلقہ مقامی بینکوں کے ذریعے کی جائے گی۔

خریداری سنٹروں پر شکایات سنٹر بھی قائم کر دئیے گئے ہیں جہاں پر کاشتکار و پارٹیز اپنی شکایات پیش کر سکتے ہیں اس طرح صوبائی ناظم محکمہ خوراک کے دفتر واقع حاجی کیمپ نزد بس سٹینڈ جی ٹی روڈ پشاور شہر میں بھی سیل قائم کیا گیا ہے جہاں پر متعلقہ افسران کو شکایات ارسال کی جا سکتی ہیں جبکہ اس سلسلے میں شکایات کی اطلاع کے لئے فوڈ ڈائریکٹریٹ خیبر پختونخوا پشاور سے فون نمبر091-9239738،اسسٹنٹ ڈائریکٹر فوڈ پشاور ڈویژن 091-2322354،اسسٹنٹ ڈائریکٹر فوڈ مردان ڈویژن 0937-9230028،اسسٹنٹ ڈائریکٹر فوڈ مالاکنڈ ڈویژن 0946-9240316،اسسٹنٹ ڈائریکٹر فوڈ بنوں ڈویژن0928-9270043،اسسٹنٹ ڈائریکٹر فوڈ ہزارہ ڈویژن 0992-9310296اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر فوڈ کوہاٹ ڈویژن سے فون نمبر0922-9260234پر بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔