ڈی سی او قصور کے زیر صدارت ڈینگی تدارک کے سلسلہ میں تمام ڈیپارٹمنٹس کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس

جمعہ 15 مئی 2015 18:41

قصور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 مئی۔2015ء ) ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن آفیسر قصور عدنان ارشد اولکھ کے زیر صدارت ڈینگی تدارک اور اسکی روک تھام کے سلسلہ میں تمام ڈیپارٹمنٹس کی ہفتہ وار کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس ڈی سی او کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ جس میں تمام ضلعی افسران نے شرکت کی ۔ اجلاس کو اینٹا مالوجسٹ قصور نے بریفنگ دیتے ہوئے ڈینگی سرگرمیوں کی تفصیل بتائی اورضلع بھر میں پانی کے تالابوں ، کباڑ خانوں ، ٹائر شاپس ، نالوں اور دیگر مقامات کی سرویلنس رپورٹ تصاویری ثبوت کیساتھ دکھائی گئی جس میں مچھروں کی پیدائش کے واضح مقامات موجود تھے جس پر ڈی سی او قصور نے سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنرز اور ٹی ایم اوز کو ہدایت کی کہ وہ بڑے تالابوں کا فوری سروے کر کے رپورٹ دیں اوربتائیں کہ ان کا تدارک کیسے ممکن ہے تا کہ جہاں ممکن ہو پانی کے اخراج کی سکیمیں بنائی جائیں ۔

(جاری ہے)

ٹائر شاپش اور کباڑخانوں کے حوالے سے ٹی ایم اوز کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر ان کی رجسٹریشن کر کے انکو لائسنس جاری کریں بغیر لائسنس کوئی ٹائر شاپس یا کباڑ خانہ کام نہیں کریگا۔ ڈی سی او قصور نے ہدایت کی کہ ڈینگی سرویلنس کے حوالے سے محکمہ صحت اور ٹی ایم اوز کی ٹیمیں ملکر کام کریں تا کہ مسائل موقع پر ہی حل کئے جا سکیں ۔ تمام محکمہ جات کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے دفاتر کی صفائی اور فلیکس بورڈز کی تصاویر آئندہ بریفنگ میں شامل کروائینگے ۔اجلاس میں متعدد محکمہ جات کے افسران سے ڈینگی سرگرمیوں کے حوالے سے تفصیل بھی معلوم کی گئی ۔

متعلقہ عنوان :