یونیورسٹی آف سرگودھا نے علمی ،تخلیقی اور تحقیقی میدان میں قابل قدر کارنامے انجام دیئے ہیں ،پروفیسر ڈاکٹر محمد اشرف

ہفتہ 16 مئی 2015 13:00

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16 مئی۔2015ء)چیئرمین پاکستان سائنس فاؤنڈیشن پروفیسر ڈاکٹر محمد اشرف نے کہا ہے کہ یونیورسٹی آف سرگودھا نے علمی ،تخلیقی اور تحقیقی میدان میں قابل قدر کارنامے انجام دیئے ہیں جن کے باعث یہ یونیورسٹی پاکستان کی صفِ اوّل کی یونیورسٹی بن چکی ہے۔ انہوں نے آئی پی او اور شعبہ او آر آئی سی کے زیر اہتمام ایک روزہ ورکشاپ بعنوان ”فکری تخلیقات کے حقوقِ ملکیت “سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت پوری دنیا کو سائنس کے میدان میں جہاں بے پناہ مسائل کا سامنا ہے وہاں اس شعبہ میں بے شمار مواقع بھی موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حال ہی میں یورپین یونین نے مختلف سائنسی منصوبوں کے لئے کروڑوں یور و مختص کئے ہیں جن سے فائدہ اٹھانا اب ہمارے سائنسدانوں کا کام ہے۔

(جاری ہے)

پروفیسر ڈاکٹر محمدا شرف نے کہا کہ انہیں یونیورسٹی آف سرگودھا میں آ کر بہت خوشی ہوئی ہے جس کی سب سے بڑی وجہ یہاں کا علمی مزاج اورتحقیقی معیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ بطور چیئرمین پاکستان فاؤنڈیشن یونیورسٹی آف سرگودھا کو اس کی تحقیقی سرگرمیوں کے لئے زیادہ سے زیادہ وسائل فراہم کریں گے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمدا کرم چودھری نے کہا کہ ہمیں اپنے ذاتی حالات بدلنے کی بجائے اس فرسوہ نظام کو بدلنا ہو گا جو ترقی کی راہ میں حائل ہے اور پاکستان بھی اسی روز ترقی کرے گا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمدا کرم چودھری نے مزید کہا کہ کسی ایک فرد کا نظریہ بھی اس کی اپنی پراپرٹی ہے اور یہ نظریہ بھی پیٹنٹ ہو سکتا ہے انہوں نے مزید کہا کہ ہمیشہ سخت کوشش سے ہی ترقی کے خواب پورے ہوتے ہیں ۔

ڈائریکٹر جنرل پاسٹک ڈاکٹر محمدا کرم شیخ نے کہا کہ سائنسی ترقی ہی کسی بھی قوم کی ترقی میں حقیقی کردار ادا کرتی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے اپنے ادارے کا تعارف کراتے ہوئے بتایا کہ اُن کا ادارہ کس طرح سائنس کی ترقی اور تحقیق میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے ۔ اس موقع پر ڈائریکٹر او آر آئی سی پروفیسر ڈاکٹر اشتیاق حسین نے کہا کہ ترقی پذیر ملک ہونے کی وجہ سے ہمیں دیگر شعبوں کی طرح سائنس کے شعبہ میں بھی بہت سے مسائل کا سامنا ہے ۔

ہمارے سائنسدانوں میں بے پناہ قدرتی ٹیلنٹ موجود ہے جسے بروئے کار لا کر ہم سائنس کے میدان میں انقلاب برپا کر سکتے ہیں بعدازاں پاکستان سائنس فاؤنڈیشن اور یونیورسٹی آف سرگودھا کے درمیان باہمی یادداشت کے سمجھوتے کی تقریب ہوئی۔ سمجھوتے کی روح سے پاکستان سائنس فاؤنڈیشن یونیورسٹی کو سائنسی تحقیق اور مختلف منصوبوں کے لئے فنڈز اور وسائل مہیا کرے گی ۔