حکومت سندھ نے نیگلیریا سے بچاؤ اور کنٹرول کے لئے 6 رکنی فوکل گروپ تشکیل دے دیا

بدھ 20 مئی 2015 16:45

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20مئی۔2015ء) اسپیشل سیکریٹری محکمہ صحت ڈاکٹر خالد حسین شیخ نے کہا ہے کہ محکمہ صحت حکومت سندھ نے نیگلیریا سے بچاؤ اور کنٹرول کے لئے 6 رکنی فوکل گروپ تشکیل دیا ہے جس کے کنوینر ادارہ فراہمی و نکاسی آب کے ڈپٹی چیف انجینئر اعظم خان ہوں گے ‘ جبکہ ڈی ڈی او فوڈ کوالٹی کنٹرول ڈپارٹمنٹ بلدیہ عظمیٰ عرفان خان ‘ محکمہ صحت کے او ایس ڈی ظفر مہدی ‘ اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجینئر محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سید نذیر حیدر ‘ ڈسٹرکٹ کونسل کراچی کے ایگزیکٹیو انجینئر لیاقت علی مغل اور ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کراچی کی جانب سے مقرر کردہ ایک نمائندہ اس فوکل گروپ کے اراکین ہوں گے ۔

انہوں نے بتایا کہ فوکل گروپ روزانہ کی بنیاد پر نیگلیریا پری وینشن سینٹر سی او ڈی فلٹریشن پلانٹ گلشن اقبال میں جائزہ اجلاس منعقد کرے گا ۔

(جاری ہے)

پری وینشن سینٹر پر میٹنگ اور قابل عمل حکمت عملی پر بھی روزانہ کی بنیاد پر کام ہوگا جہاں شہر کے مختلف علاقوں سے حاصل کردہ پانی کے نمونوں کا تجزیہ کیاجائے گا اور جس جگہ ضرورت ہوگی وہاں فوری طور پر کلورینیشن کی جائے گی ۔

ڈاکٹر خالد شیخ نے مزید کہا کہ فوکل گروپ مختلف علاقوں سے پانی کے نمونوں کے تجزیوں کی رپورٹ کا مشترکہ طور پر جائزہ لے کر اس بارے میں حتمی فیصلہ کرنے کا مجاز ہوگا ۔ فوکل گروپ کی جانب سے اعداد و شمار میڈیا کو بھی جاری کئے جائیں گے ۔دریں اثناء محکمہ صحت کی جانب سے ادارہ فراہمی و نکاسی آب کو ایک اور خط کے ذریعہ اس جانب متوجہ کیا گیا ہے کہ شہر کے تمام علاقوں میں فراہم کئے جانے والے پانی میں کلورین کی مطلوبہ مقدار میں موجودگی یقینی بنائی جائے کیونکہ اب تک نیگلیریا سے شہر قائد میں دو اموات ہوچکی ہیں۔

خط میں مزید کہا کہ اس مرض کے علاج کے لئے ابھی تک کوئی موثر علاج دریافت نہیں ہوا ہے اور اس مرض سے محفوظ رہنے کا واحد طریقہ اس بارے میں زیادہ سے زیادہ آگاہی فراہم کرنا ہے ۔ احتیاط کے ذریعہ اس مرض سے 100 فی صد محفوظ رہا جا سکتا ہے ۔ خط میں مزید کہا گیا ہے کہ عالمی ادارہ صحت کی جانب سے سفارش کردہ کلورین کی مقدار کو یقینی بنانے کے لئے ادارہ فراہمی و نکاسی آب ٹیمیں تشکیل دے تاکہ وہ شہر کے مختلف علاقوں کو فراہم کئے جانے والے پانی کا بروقت تجزیہ کرسکیں ۔

متعلقہ عنوان :