ماہرین زراعت کی باغبانوں کو پھلدار پودوں کی مناسب نگہداشت کی ہدایت

پیر 25 مئی 2015 16:49

فیصل آباد۔25 مئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25 مئی۔2015ء) ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کے زرعی سائنسدانوں نے کہاہے کہ گرم ہواؤں ، دھوپ کی شدت اور لو کے اثر کے باعث چھوٹے و بڑے پھلدار پودوں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے ،لہٰذا باغبان پودوں کی مناسب نگہداشت یقینی بنائیں۔ ایک ملاقات کے دوران انہوں نے باغبانوں کو سفارش کی کہ وہ موسم گرما میں پھلدار خصوصاً چھوٹے پودوں کو زیادہ درجہ حرات اور گرم ہوا سے محفوظ بنانے کیلئے ان کی مناسب نگہداشت کریں۔

انہوں نے کہاکہ پنجاب کے میدانی علاقوں میں مئی سے جولائی تک سخت گرمی پڑتی ہے جس کے باعث پھل جھلس جاتا ، چھلکا پھٹ جاتا اور پھل کی کوالٹی بری طرح متاثر ہوتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ضیائی تالیف کا عمل متاثر ہونے کی وجہ سے پودوں میں خوراک بنانے کے عمل میں رکاوٹ پیدا ہوتی ہے جس سے پھل کا کیرا بڑھ جاتا ہے اس لئے پھلدار پودوں کو گرمی کے اثرات سے محفوظ کرنے کیلئے پودوں کے گھیرے میں ہلکی گوڈی کرکے سطح زمین کو چار سے چھ انچ گھاس کی موٹی تہہ سے ملچنگ کی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ باغبان گرمیوں میں چھوٹے پودوں کو ہفتہ میں دوبار جبکہ بڑے پودوں کو8 سے 10 دن کے وقفہ سے پانی لگائیں نیز گرمیوں میں آبپاشی صبح یا شام کے وقت کریں۔ انہوں نے کہاکہ مئی و جون کے مہینوں میں پھلدار پودوں کے تنوں کو نیلا تھوتھا و چونا کے محلول سے سفید ی کی جائے تاکہ تنے گرمی کے مضر اثرات سے محفوظ رہ سکیں۔