کیا مہنگا کیا سستا ، 2015 کا وفاقی بجٹ آج پیش کیا جائے گا

جمعہ 5 جون 2015 10:54

کیا مہنگا کیا سستا ، 2015 کا وفاقی بجٹ آج پیش کیا جائے گا

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5جون2015ء) چار ہزار سات سو ارب روپے کا وفاقی بجٹ آج پیش کیا جائے گا ، دفاع کیلئے 817 ارب اور قرضوں کی ادائیگی کیلئے 1406 ارب روپے رکھے جانے کا امکان ہے ۔ 320 ارب روپے کے نئے ٹیکس اقدامات تجویز کئے گئے ہیں ۔ 110 ارب روپے کی ٹیکس چھوٹ ختم کی جائے گی ، وفاقی وزیر خزانہ آج قومی اسمبلی میں مالی سال 16-2015 کا بجٹ پیش کریں گے ۔

اگلے مالی سال کے بجٹ کا کل تخمینہ 4 ہزار 7 سو ارب روپے رکھے جانے کا امکان ہے ، رواں مالی سال کے بجٹ سے کل بجٹ 10 فیصد زیادہ ہو گا ۔ ٹیکس وصولیوں کا ہدف 3 ہزار 2 سو ارب روپے رکھے جانے کا امکان ہے ۔ ٹیکس وصولیوں کے ہدف میں 23 فیصد اضافہ کیا جائے گا ، مالی سال کیلئے ٹیکس وصولیوں کا ہدف 2605 ارب روپے رکھا گیا تھا ، اگلے مالی سال کے بجٹ میں 320 ارب روپے کے نئے ٹیکس اقدامات تجویز کئے گئے ہیں ، اگلے مالی سال کے بجٹ میں 110 ارب روپے کی ٹیکس چھوٹ ختم کی جائے گی ۔

(جاری ہے)

وفاقی ترقیاتی بجٹ کیلئے 700 ارب روپے مختص کئے جائیں گے ، رواں مالی سال کے نظر ثانی شدہ ترقیاتی بجٹ سے 22 فیصد زیادہ ہو گا ، صوبوں اور وفاق کا ملا کر مجموعی ترقیاتی پروگرام کا حجم 1500 ارب روپے رکھے جانے کا امکان ہے ۔ صوبوں کیلئے ترقیاتی بجٹ کی مد میں 820 ارب روپے رکھے جائیں گے ، موٹرویز ، شاہراہوں اور پلوں کی تعمیر کیلئے 149 ارب روپے رکھے جانے کا امکان ہے ۔

قومی ترقیاتی پروگرام میں 231 ارب روپے کے بیرونی فنڈز کا تخمینہ شامل ہے ۔ ترقیاتی پلان میں 15 کھرب روپے کے نئے 273 ترقیاتی منصوبے شامل ہیں ، ہائی ویز اور بجلی کے منصوبوں کیلئے 256 ارب کا تخمینہ رکھا گیا ہے ۔ وزارتوں کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے 266 ارب کا تخمینہ رکھا گیا ہے ، اگلے بجٹ میں قرضوں کی ادائیگی کیلئے 1406 ارب مختص کئے جانے کا امکان ہے ۔ قرضوں کی ادائیگیوں کا حجم جی ڈی پی کا 4.6 فیصد ہو گا ۔ دفاع کیلئے 817 ارب روپے رکھے جانے کا امکان ہے ۔ دفاعی بجٹ رواں مالی سال کے بجٹ سے 10 فیصد زیادہ ہونے کا امکان ہے ۔ بجٹ خسارہ جی ڈی پی کا 4.3 فیصد تک رکھا جائے گا ۔

متعلقہ عنوان :