` یو ایس ایڈ کا پاکستانی کاشتکاروں کے لیے ٹریینگ سیشن کا انعقاد

انگور کی کاشت کے نئے طریقوں ، پراسسیسنگ اور برآمد کنندگان سے رابطوں کی تربیت دی گئی `

بدھ 8 جولائی 2015 18:58

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 جولائی۔2015ء) امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی کی جانب سے پاکستانی کاشتکاروں کے لیے ٹریینگ سیشن کا انعقاد کیا گیا جس میں انگور کی کاشت کے نئے طریقوں ، پراسسیسنگ اور برآمد کنندگان سے رابطوں کی تربیت دی گئی۔ اس موقع پر امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی کے شعبہ زراعت اور معاشی نمو کے ڈائریکٹر سکاٹ ہاک لینڈر کا کہنا تھا کہ خطہ پوٹھوہار میں انگور کی کاشت یہاں کے کاشتکاروں کے لیے خصوصی طور پر فائدہ مند ہے کیونکہ یہاں انگور کی فصل کو مون سون سیزن سے پہلے اتار لیا جاتا ہے جبکہ باقی علاقوں میں ابھی فصل تیاربھی نہیں ہوئی ہوتی۔

امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی نے خطہ پوٹھوہار میں 420 ایکڑ پر پھیلے انگور کے تقریباستر فیصد باغات کی کاشتکاری میں مدد فراہم کی ہے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ ایگری بزنس پراجیکٹ کے ذریعے بھی ادارہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاشتکاروں کو پودے اورفصل کو محفوظ رکھنے والی فریم فراہم کر رہا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی کاشتکاروں کو انگور کے پودے کی حفاظت ، بیماری سے بچاوٴ، پھل کی کٹائی اور بعد از کٹائی حفاظت اور مارکیٹنگ کے جدید طریقوں کی ٹریننگ بھی فراہم کر تا ہے۔

امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی کا ایگری بزنس پراجیکٹ ہارٹیکلچر اور گوشت کے شعبے میں تیرہ ہزار نئی ملازمتوں کے ساتھ سیلز کی رقم کو بھی41 ملین امریکی ڈالرز تک بڑھانے کاعزم رکھتا ہے۔ مجموعی طور پر اس پراجیکٹ سے پاکستان میں دیہات میں بسنے والے چوبیس ہزار سیزیادہ خاندان مستفید ہوں گے۔ `

متعلقہ عنوان :