سجاول، دریائے سندہ میں سیلابی کیفیت کے بعد کچے کا علاقہ بھی سیراب ہونا شروع ہوگیا

منگل 28 جولائی 2015 22:27

سجاول(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 جولائی۔2015ء) دریائے سندہ میں سیلابی کیفیت کے بعد سجاول ضلع میں دریاء میں پانی آنے سے کچے کا علاقہ بھی سیراب ہونا شروع ہوگیاہے ، پیش کئے گئے اعداد وشمار کے مطابق سیلابی کیفیت میں بھی صرف کچے کا علاقہ زیر آب آسکتاہے ، جس کیلئے مقامی انتظامیہ کی جانب سے علاقہ مکینوں کو پیشگی اطلاعات فراہم کرنے کے علاوہ ہنگامی اقدامات کی منصوبہ بندی کرلی گئی ہے ،جبکہ انتظامیہ کا کہناہے کہ دریائی پشتوں کو کوئی خطرہ نہیں ہے ، حساس مقامات بوڑانوبنگلو، سورجانی پر ہیوی مشینری اور پتھر پہنچادیے گئے ہیں جبکہ کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیاری مکمل کرلی گئی ہے جبکہ پشتوں کی حفاظت کیلئے سیکورٹی کا انتظام بھی موجود ہے جبکہ محکمہ آبپاشی کی جانب سے اس سیلابی صورتحال میں فنڈز ہڑپ کرنے کی منصوبہ بند ی کی جارہی ہے ،علاقہ مکینوں کاکہناہے کہ دوہزار دس میں بھی ان مقامات کو حساس قرار دیاگیاتھالیکن تیرالاکھ کیوسک کے ریلے میں بھی یہ بند سلامت رہے تھے ، جس کے بعدبندوں کو مزید اونچاکرکے پتھر کی مضبوط پچنگ کرائی گئی ہے جبکہ مزید پتھر بھی ڈالے جارہے ہیں لیکن مقامی آبپاشی عملہ علاقے میں خوف کی فضاپیدا کرکے مزید فنڈز لینے اور ہڑپ کرنے کے چکر میں اپنے حربے استعمال کررہاہے ،سیلابی کیفیت میں سجاول ضلع کے حفاظتی بندوں پر ڈپٹی کمشنر سجاول احمد علی شاہ ،پولیس اور آبپاشی عملے کے ھمراہ روزانہ دورا کررہے ہیں، علاوہ ازیں رلیف کمشنر کی جانب سے سجاول میں سیلاب اور بارش کے متاثرین کے لئے خیمے اور دیگر امدادی سامان پہونچ گیاہے تاہم اسے مختیارکار آفس میں سیل کردیاگیاہے ،مختیارکاروں کی سروے کے بعد خیمہ بستیاں قائم کرنے اور سامان تقسیم کرنے کا عمل شروع کیاجائیگا،علاوہ ازیں سیلابی کیفیت کے باوجود سجاول ضلع میں کچے کے اندر بااثر افراد کے زمینداری بندوں کو ختم کرنے کے اقدامات نہیں کئے گئے ہیں ، ہزاروں ایکڑ کچے پر زمینداری بندوں سے حفاظتی پشتوں کے حساس مقامات پر پانی کا دباؤ بڑھنے کا اندیشہ ہے۔