موجودہ حکومت صوبہ بھرکی بے سہارا خواتین کی فلاح و بہبود کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے ، ڈاکٹر مہرتاج روغانی

بدھ 5 اگست 2015 23:11

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔05اگست۔2015ء )وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی مشیر برائے سماجی بہبود و ترقی خواتین ڈاکٹر مہرتاج روغانی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت صوبہ بھرکی بے سہارا خواتین کی فلاح و بہبود کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے اس سلسلے میں سکلڈ ڈیویلپمنٹ پروگرام کے تحت25سو خواتین کو جدید تقاضوں کے مطابق تعلیم و تربیت اور سلائی کڑھائی کے ہنر سکھائے جائیں گے۔

مشیر وزیر اعلیٰ نے یہ بات پشاور کے ایک مقامی ہوٹل میں این جی اوز کے زیر انتظام منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر صوبہ بھر کی مختلف این جی اوز کے نمائندوں اور خواتین نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔این جی اوز کے نمائندوں نے خیبر پختونخوا کی خواتین کے حقوق ،تعلیم و تربیت اورہنر مند خواتین کے مسائل و مشکلات پراپنی تقاریر میں تفصیلی روشنی ڈالی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹرمہر تاج روغانی نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت خواتین کے مسائل و مشکلات سے بخوبی آگاہ ہے اور خواتین کے حقوق کی بحالی اور ہنر مندی کے لئے مثبت اقدامات اٹھا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت خواتین کے مسائل کے حل کے لئے جنڈر ریفارمز،صنفی اصلاحات، ایکشن پلان، اورخواتین کو با اختیار بنانے کی پالیسی پر کام کر رہی ہے جس کے تحت خواتین کے حقوق کی بحالی اور مسائل میں خاطر خواہ کمی واقع ہوگی۔

انہوں نے مزید کہاکہ سوات میں خواتین کے لئے ووکیشنل سنٹر بھی قائم کیا جارہا ہے جس سے گھریلو خواتین کی زندگیوں میں معاشی طور پر نمایاں بہتری آئے گی۔انہوں نے کہاکہ بے سہارا خواتین کے لئے مختلف اضلاع میں دارالامان کام کر رہے ہیں جنہیں مزید فعال بنایا جائے گا جبکہ اپنے شہروں سے باہر ملازم خواتین کے لئے ہاسٹل بھی قائم کئے جارہے ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے این جی اوز کو ہدایت کی کہ خیبر پختونخوا کی خواتین کی ترقی و خوشحالی کے لئے بھرپور انداز میں اقدامات اٹھائیں اس سلسلے میں صوبائی حکومت ان کی بھرپور معاونت کرے گی۔