صوبائی حکومت کھیلوں کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے،،عنایت اﷲ خان

اربوں روپے کی لاگت سے اضلاع اور تحصیل سطح پر سپورٹس سٹیڈیم اور پلے گراؤنڈز کی تعمیر کے علاوہ اگلے مراحل میں علاقائی سطح پر کھیلوں کے بڑے ٹورنامنٹس کا پوری باقاعدگی سے انعقاد ہو گا،وزیربلدیات عنایت اﷲ خان

بدھ 19 اگست 2015 22:48

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 19 اگست۔2015ء)خیبرپختونخواکے سینئر وزیربرائے بلدیات و دیہی ترقی اور جماعت اسلامی کے صوبائی پارلیمانی لیڈرعنایت اﷲ خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کھیلوں کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اربوں روپے کی لاگت سے اضلاع اور تحصیل سطح پر سپورٹس سٹیڈیم اور پلے گراؤنڈز کی تعمیر کے علاوہ اگلے مراحل میں علاقائی سطح پر کھیلوں کے بڑے ٹورنامنٹس کا پوری باقاعدگی سے انعقاد ہو گا جس کیلئے کثیر فنڈز مختص کئے گئے ہیں وہ دیر خاص میں سپورٹس گالہ کی عظیم الشان اختتامی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے دیر سپورٹس سٹیڈیم میں منعقدہ کھیلوں کے اس میلے کا آغاز جشن آزادی کے دن سے ہوا تھا جس میں کرکٹ، فٹ بال، والی بال، باسکٹ بال، بیڈمنٹن، رسہ کشی، نیزہ بازی اور مارشل آرٹس سمیت کھیلوں کے دس مختلف ٹورنامنٹس میں چھ سو سے زائد کھلاڑیوں نے حصہ لیا جبکہ تقریب میں بیک وقت ساٹھ ہزار تماشائیوں نے شرکت کی اور جیتنے والے کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی عنایت اﷲ نے اس فیسٹول میں اہل دیر کی خصوصی دلچسپی کو سراہتے ہوئے اکتوبر میں سپورٹس گالہ کے ڈویژنل سطح پر انعقاد اور اسکے تمام اخراجات صوبائی حکومت کی جانب سے مہیا کرنے کا اعلان کیا انہوں نے کہا کہ اس گالہ میں مزید کھیل شامل کرکے ملاکنڈ ڈویژن کے ساتوں اضلاع سے سکول و کالج کی سطح پر بہترین ٹیموں کا انتخاب کیا جائے گا اور آئندہ بھی اس کا سالانہ بنیادوں پر باقاعدگی سے اہتمام ہو گا سینئر وزیر نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ پورے اخلاص سے اپنی تعلیمی اور کاروباری سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ کھیلوں پر بھی مکمل توجہ دیں تاکہ صحتمند معاشرہ پروان چڑھے انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں صوبائی حکومت اپنے فرائض سے پوری طرح باخبر ہے اور فنڈز کی قلت کو آڑے نہیں آنے دیا جائے گا بعد ازاں عنایت اﷲ خان نے ڈپٹی کمشنر دیر کے دفتر میں اکتوبر میں مجوزہ ڈویژنل سپورٹس فیسٹول کے انتظامات سے متعلق اجلاس کی صدارت کی جس میں مقامی اور ڈویژنل انتظامیہ کے علاوہ محکمہ کھیل و ثقافت اور خزانہ کے افسران نے شرکت کی اور مختلف تجاویز و سفارشات کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ بعض ضروری فیصلے بھی کئے گئے اجلاس میں اس شاندار میلے میں شرکت کیلئے کھلاڑیوں کے قیام و طعام اور تماشائیوں و سیاحوں کیلئے سہولیات کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے علاوہ اس مقصد کیلئے درکار ساڑھے چوبیس لاکھ روپے کے فنڈز کی منظوری بھی دی گئی سینئر وزیر نے محکمہ خزانہ کو فنڈز کی بروقت فراہمی کی ہدایت کی۔