مقامی پھلوں ،سبزیوں اور دیگر مصنوعات کی پیدا وار بڑھانے کے حوالے سے جدید تقاضوں کے مطابق کام کر رہے ہیں،سیکرٹری زراعت

جمعرات 3 ستمبر 2015 23:03

گلگت ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 ستمبر۔2015ء ) سیکرٹری زراعت خالد محمود نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں مقامی پھلوں ،سبزیوں اور دیگر مصنوعات کی پیدا وار بڑھانے کے حوالے سے محکمہ زراعت اور ڈیری ڈیولپمنٹ جدید تقاضوں کے مطابق کام کر رہا ہے ۔مقامی کسان و زمیند ار محکمہ زراعت،لائیو سٹاک و ڈیری ڈیولپمنٹ سے بھر پور فائدہ اٹھاتے ہوئے روایتی زمینداری سے ہٹ کر نئی ٹیکنالوجی کو استعمال کرتے ہوئے اپنی پیدا وار میں خاطر خواہ اضافہ کر سکتے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہو ں نے محکمہ زراعت گلگت بلتستان کے تعاؤن سے ریڈیو پاکستان گلگت میں مقامی پھلوں ،سبزیوں ،شہد اور ٹراؤڈ مچھلی و دیگر مقامی مصنوعات کی نمائش کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہنزہ کے عوام نے اپنی زمینوں اور باغات سے بھر پو رفائدہ اٹھانے کے گر سیکھ لئے ہیں ۔

جس پر ہنزہ کی خواتین و مرد تعریف کے مستحق ہے ۔اگر گلگت بلتستان کے دیگر اضلاع کے عوام بھی اپنی زمینوں اور باغات او ر مال مویشیوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مقامی سطح پر ضروری اشیاء پیدا کریں تو علاقے کی معیشت میں بہتری آئیگی اور لوگ اپنے پاؤں پر کھڑا ہو سکیں گے ۔اس حوالے سے محکمہ زراعت اور دیگر محکمہ جات عوام کی بھر پور رہنمائی کرینگے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ریڈیو پاکستان کے ریجنل ڈائریکٹر محمد صدیق پراچہ نے کہا کہ ریڈیو پاکستان میں منعقدہ اس نمائش کا مقصد مقامی کسانوں کے پیدوار کی تشہیر اور دیگر لوگوں تک ان کے پید واری طریقہ کار سے آگاہی اور مقامی زمینداروں کو در پیش مسائل کے حوالے سے متعلقہ حکام کو آگاہ کرنا تھا ۔اس موقع پر مقامی کسانوں نے سیکریٹری زراعت ،ڈائریکٹر زراعت و دیگر اعلیٰ سرکاری حکام کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا اور ان کے مسائل کے حل کیلئے متعلقہ حکام نے فوری اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کرائی ۔

ریڈیو پاکستان گلگت میں منعقدہ نمائش میں گلگت اور مضافات کے کسانوں اور زمیند اروں نے تازہ سبزیوں ،پھل فروٹ ،خشک میوہ جات و دیگر مصنوعات کے سٹالز لگائیں اور سٹالز کا دورہ کرنے والوں نے دلچسپی لیتے ہوئے ریڈیو پاکستان گلگت اس کردار کو سراہا ۔