جنگ ستمبر کی بے مثال کامیابی قوم کے اتحاد و اتفاق کا نتیجہ تھی۔آفاق احمد

نظریہ ضرورت دفن کرنے کا عہد یوم دفاع کی یادیں تازہ کرنے کا بہترین طریقہ ہے، چیئرمین مہاجرقومی موومنٹ

ہفتہ 5 ستمبر 2015 22:11

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 ستمبر۔2015ء) مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان)کے چیئرمین آفاق احمد نے کہا کہ نصف صدی قبل جنگ ستمبر کی بے مثال کامیابی قوم کے اتحاد و اتفاق اور فوج اور عوام کا ایک ساتھ دفاع وطن کیلئے کھڑے ہونے کا نتیجہ تھی ۔آج قوم اور فوج تو وہی ہے لیکن اتحاد و اتفاق کی بجائے انتشار و نفاق نظر آرہا ہے جس کی وجہ سے ملک کے خلاف سازشیں عروج پر اور راء کے ایجنٹوں کے سرپرست اسمبلیوں میں بیٹھے ہوئے ہیں ۔

یوم دفاع کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں چیئرمین آفاق احمد نے کہاکہ کراچی سے خیبر تک عوام بدحال اور دہشت گرد دندنارہے ہیں جن کا خاتمہ فوج اکیلے نہیں کرسکتی ،لیکن جہاں حکومت بیرونی قوتوں کے آلہ کاروں کے ساتھ صرف بلاک ووٹوں کے چکر میں نرمی برت رہی ہو،ملک کی اقتصادی شہہ رگ کو دہشت گردوں سے چھڑانے کی بجائے سنبھلنے کیلئے اپنا کندھا پیش کررہی ہوتو پھر خود مختاری اور سا لمیت کو خطرات ہی لاحق ہونگے۔

(جاری ہے)

آفاق احمد نے کہا کہ نئی نسل کو اپنے ماضی سے روشناس کرانے کیلئے قومی تقریبات منانا اہمیت ضرور رکھتا ہے لیکن جب تک انہیں دہشت گردی سے پاک معاشرہ اور اتحاد و اتفاق کی برکت سے آگاہ نہیں کیا جاتا تب تک پڑوس میں موجود دشمن اور اسکے ملکی ایجنٹوں کو شکست دینے میں مشکلات کا سامنا رہے گا۔چیئرمین آفاق احمد نے مزید کہا کہ ترقی و خوشحالی اور آنے والی نسلوں کو بہتر پاکستان دینے کیلئے نظریہ ضرورت دفن کرنے کا عہد ہی یوم دفاع کی یادیں تازہ کرنے کا بہترین طریقہ ہے۔افواج پاکستان اور حکومت ایک صفحہ پر آجائے، قوم دفاع وطن کے مقدس فرض کی ادائیگی میں انکے شانہ بشانہ کھڑی ہوگی۔

متعلقہ عنوان :