نیشنل بک فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ،بلدیہ شرقی کے تعاون سے تین روزہ کتب میلہ کا انعقاد

نیشنل بک فاؤنڈیشن نے ایک لاکھ مالیت کی کتابوں کا تحفہ بلدیہ شرقی کی لائبریریز کو دینے کا اعلان کردیا

منگل 15 ستمبر 2015 22:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 ستمبر۔2015ء)نیشنل بک فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام اور بلدیہ شرقی کے تعاون سے تین روزہ ـ"شہر کتابـ" کتب نمائش کا انعقاد 13 ستمبر رات گئے تک جاری رہا جس میں خواتین ، بزرگوں ، جوانوں اور بچوں کی بڑی تعداد نے پذیرائی کی ۔ کتب نمائش کے انعقاد پر عوام نے انتظامیہ کو زبردست انداز میں خراج تحسین پیش کیا ۔ تفصیلات کے مطابق ـ" شہر کتاب " کتب نمائش کا افتتاح 11 ستمبر کو کیا گیا جس کی اختتامی تقریب میں وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ ،ایڈمنسٹریٹربلدیہ شرقی رحمت اﷲ شیخ، ایڈمنسٹریٹر بلدیہ غربی سجاد میمن ،وائس پریذیڈنٹ سندھ مدرسہ بورڈ اشفاق میمن ، ریجنل ڈائریکٹر محسن ناریجو، چیف کوآرڈینیٹر آف نیشنل بک فاؤنڈیشن سلطان خلیل، میونسپل کمشنر نادر خان اور دیگر افسران کے علاوہ ادیب اور شاعر حضرات نے بھی شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر نیشنل بک فاؤنڈیشن کی جانب سے بلدیہ شرقی کی لائبریریز کیلئے ایک لاکھ مالیت کی کتابوں کا تحفہ دینے کا اعلان کیا گیا ۔ وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل بک فاؤنڈیشن کی جانب سے کتب نمائش کا انعقاد قابل تعریف ہے ، انہوں نے کہا کہ کتب سے ہم آہنگی جدید دور کا تقاضہ ہے ، قلم اور کتاب کے ذریعے نہ صرف جہالت کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے بلکہ معاشرے سے بے راہ روی، انتہا پسندی اور لاقانونیت کو بھی ختم کیا جاسکتا ہے اس کتب نمائش کے انعقاد کا مقصد بھی لوگوں میں تعلیم کا شوق پیدا کرنا اور مطالعہ کے ذوق کو اجاگر کرنا ہے اسی جذبے کے تحت شہر میں کتاب دوستی عام کرنے کیلئے مستقبل میں بھی ایونٹ منعقد کرائے جاتے رہیں گے ، بعد از اں وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی رحمت اﷲ شیخ، ریجنل ڈائریکٹر محسن ناریجو، چیف کوآرڈینیٹر آف نیشنل بک فاؤنڈیشن سلطان خلیل اور بلدیہ شرقی کے افسران میں میونسپل کمشنر نادر خان ، ڈائریکٹر لائبریری گلشن زون طلعت، ڈائریکٹر انفارمیشن الماس ، پرچیز آفسیر حمید اور دیگر افسران کو شیلڈ پیش کیں ۔

اس موقع پر انہوں نے قرعہ اندازی کے ذریعے نامزد افراد کو دو ہزار تک کی کتابیں مفت دینے کیلئے ٹوکن دیئے بعدازاں نیشنل بک فاؤنڈیشن کی جانب سے وزیر بلدیات کوکتابیں اور اجرک تحفے کے طور پرپیش کی گئیں ۔ چیف کو آرڈینیٹر آف نیشنل بک فاؤنڈیشن سلطان خلیل نے وزیر بلدیات کی آمد پر انکا شکریہ ادا کیا جبکہ ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی رحمت اﷲ شیخ کا " شہر کتاب" کتب میلے کے انعقاد میں تعاون پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مستقبل میں بھی اس طرح کے سود مند پروگرامز منعقد کرائے جاتے رہیں گے۔واضح رہے کہ ـ"شہر کتاب کتب نمائش ـ" میں ہزاروں کی تعداد میں کتابیں رکھی گئیں۔