بڈھ بیر واقعہ میں بھارتی لابی اور راء ملوث ہے،ملک کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر تمام سیاسی جماعتیں اختلافات ختم کرکے امن کیلئے موثر اور مثبت کر دار ادا کریں،جمعیت علمائے اسلام کے رکن قومی اسمبلی مولانا سید گوہر شاہ کی میڈیا سے گفتگو

اتوار 20 ستمبر 2015 18:12

چارسدہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20 ستمبر۔2015ء) جمعیت علمائے اسلام کے رکن قومی اسمبلی مولانا سید گوہر شاہ نے کہا کہ بڈھ بیر واقعہ میں بھارتی لابی اور راء ملوث ہے۔ملک کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر تمام سیاسی جماعتیں اختلافات ختم کرکے امن کیلئے موثر اور مثبت کر دار ادا کریں۔ ملک حالت جنگ میں ہے جبکہ عمران خان کو ضمنی انتخابات کی فکر لگی ہوئی ہے ۔

پاکستان کی مغربی اور مشرقی سرحدوں پر کشیدہ صورتحال کے تناطر میں قوم کو فوج کی شانہ بشانہ کھڑے ہوکر جذبہ ایمانی کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔ وہ چارسدہ پریس کلب کے صحافیوں سے ملکی صورتحال کے حوالے سے بات چیت کر رہے تھے ۔ مولانا سید گوہر شاہ نے سانحہ پی اے ایف بڈھ بیر پر حملے کی شدید مذمت کی اور واقعہ میں شہید ہونے والے جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا جبکہ زحمیوں کی جلد از جلد صحتیابی کی دعا کی ۔

(جاری ہے)

مولانا سید گوہر شاہ نے کہا کہ پاکستان میں عدم استحکام بھارتی لابی اور راء کا ایجنڈہ ہے جس پر گامزن رہ کر ایک طرف مشرقی سرحد پر خود بھارتی فوج ایل ا و سی کی مسلسل خلاف ورزیاں کر رہی ہے جبکہ دوسری طرف افغان ایجنسی راء افغان سرحد سے پاکستان میں دہشت گردی کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ مشرقی اور مغربی سرحد پر بھارت کی مسلسل کاروائیوں سے بے گناہ شہری شہید ہو ئے ۔

انہوں نے کہاکہ وقت آگیا ہے کہ پاکستان کے تمام سیاسی اور مذہبی جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر متحد ہو کر ملک میں امن کیلئے موثر اور مثبت کر دار ادا کریں۔ مولانا سید گوہر شاہ نے عمران خان پر تنقید کر تے ہوئے کہاکہ ملک خالت جنگ میں ہے جبکہ عمران خان کو ضمنی انتخابات کی فکر لگی ہوئی ہے ۔ ملک کے اندر اور سرحدوں پر کشیدہ صورتحال کے تناطر میں قوم پر بھاری ذمہ داریاں عائد ہو تی ہے کہ جذبہ ایمانی کا مظاہرہ کرکے پاکستان کے استحکام کیلئے فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہو جائیں ۔