میٹرک سائنس اور جنرل ریگولر پرائیویٹ طلبہ و طالبات کے ضمنی امتحانات 5نومبرسے شروع ہوں گے، پروفیسر انوار احمد زئی

بدھ 28 اکتوبر 2015 23:03

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 اکتوبر۔2015ء) ثانوی تعلیمی بورڈکراچی کے چیئرمین پروفیسر انوار احمد زئی کے اعلامیہ کے مطابق میٹرک سائنس اور جنرل ریگولر پرائیویٹ طلبہ و طالبات کے ضمنی امتحانات 5نومبر 2015سے شروع ہورہے ہیں ۔ ان امتحانات کیلئے سائنس اور جنرل ریگولر کے ایڈمٹ کارڈز اور ڈیٹ شیٹ اسکولوں کے سربراہان اپنے شناختی کارڈ کی کاپی، آفس کارڈ اور اتھارٹی لیٹر کے ہمراہ مندرجہ ذیل تاریخوں کو میٹرک بورڈ کے کانفرنس ہال پہلی منزل سے صبح9سے شام 5بجے تک حاصل کر سکتے ہیں۔

جبکہ پرائیویٹ طلبہ وطالبات کے ایڈمٹ کارڈ ان کے رہائشی پتوں پر ارسال کر دیئے گئے ہیں نہ ملنے کی صورت میں2نومبر 2015کوفیس چالان کی سلپ اور گزشتہ ایڈمٹ کارڈ کی کاپی کے ہمراہ بورڈ آفس کے متعلقہ سیکشن بلاک Aکمرہ نمبر5سے رابطہ کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق تمام اسکولوں کو ایڈمٹ کارڈ اور ڈیٹ شیٹ جاری کئے جائیں گے جو درجہ ذیل ہے ۔29-10-2015 کو نیو کراچی، نارتھ ناظم آباد، گلبرگ، لیاقت آباد ، 30-10-2015کو جمشید ٹاؤن، گلشن اقبال، شاہ فیصل کالونی، 31-10-2015کو ملیر، بن قاسم، لانڈھی، کورنگی، 01-11-2015کو صدر، لیاری، کیماڑی بلدیہ، سائٹ، اورنگی، گڈاپ ۔

جبکہ 29اکتوبر 2015کو امتحانی مراکز کا سامان بھی ایگزامینشن اسٹور بورڈ آفس سے متعلقہ مراکز کے سپرنٹنڈنٹ کے حوالے کر دیا جائے گا۔ اسکولوں کے سربراہان کو تاکید کی جاتی ہے کہ ایڈمٹ کارڈلینے کیلئے طلبہ و طالبات کو انفرادی طور پر بورڈ نہ بھیجا جائے جبکہ ریگولر طلبہ و طالبات اپنے ایڈمٹ کارڈ متعلقہ اسکولوں سے حاصل کرسکتے ہیں۔