دی داؤد فاؤنڈیشن کی جانب سے عوام میں ماحولیاتی تباہی سے آگاہی کی مہم جاری

ٹی ڈی ایف اب تک متعدد اسکولوں میں بھی جا چکاہے اور طلبا ء اور طالبات تک اپناپیغام پہنچا چکا ہے‘برگیڈیئر (ر) اکرم

جمعرات 29 اکتوبر 2015 21:34

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 اکتوبر۔2015ء ) موسمیاتی تبدیلی لاکھوں پاکستانیوں کی زندگی پر اثر انداز ہو رہی ہے جس کے باعث موسم کایہ غیر یقینی انداز بہت سے دیگر مسائل کے علاوہ قدرتی آفات اور غذائی عدم تحفظ بھی پیدا کر رہا ہے۔ تاہم زیادہ تر پاکستانی موسمیاتی تبدیلی اوراس کے عام لوگوں کی زندگی پر اثرات سے واقف نہیں ہیں چنانچہ دی داؤد فاؤنڈیشن نے پاکستان بھر میں 130سے زائد شہروں اور قصبوں میں لوگوں میں آگاہی پیدا کرنے کا منصوبہ بنایاہے۔

اس مخیر ادارے نے شہروں میں گشت کرنے کے لیے فلوٹ ڈسپلے کا انتظام کیا ہے تاکہ لوگوں کو قدرتی وسائل کے تحفظ کے بارے میں دستاویزی فلمیں دکھائی جائیں اور ان سے بات کی جائے کہ وہ اپنے طرز زندگی کو کس طرح مزید ماحول-دوست بنا سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

اسلام آباد پریس کلب پر نمائش کے موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے داؤد ہرکولیس گروپ کے ریزیڈنٹ نمائندے بریگیڈیئر (ریٹائرڈ) اکرم نے کہا’’داؤد فاؤنڈیشن پاکستان میں ماحولیاتی دباؤ کی سنگینی کو سمجھتی ہے۔

ٹی ڈی ایف نیچر سیریز کا مقصد لوگوں کو تعلیم دی تاکہ وہ اس مسئلے پر تندہی کے ساتھ کام کریں اور اپنے قدرتی ورثے کے تحفظ کی کوششوں میں شریک ہوں۔‘‘یہ فلوٹ اب تک کراچی اور لاہور جیسے بڑے شہروں اور ڈنگا، ٹنڈو آدم اور کھاریاں جیسے چھوٹے شہروں سمیت پاکستان کے 50مقامات پر جا چکا ہے۔ اس فلوٹ کے ساتھ دی ٹی ڈی ایف کے ایمبیسیڈرز بھی موجود تھے جنہوں 52,000سے زائد لوگوں کو آگاہی فراہم کی۔

اس کے علاوہ ٹی ڈی ایف اب تک متعدد اسکولوں میں بھی جا چکاہے اور طلبا ء اور طالبات تک اپناپیغام پہنچا چکا ہے۔اپنے تعلیمی پروگرام کی وسعت میں مزید اضافہ کرنے کے لیے فاؤنڈیشن حکومتی اداروں کے ساتھ اشتراک کرنے کا ارادہ بھی رکھتی ہے۔ اپنے اس مقصد کے لیے ٹی ڈی ایف محکمہ تعلیم وخواندگی، حکومت سندھ کے ساتھ پہلے ہی مفاہمت پر پہنچ چکا ہے جس کے تحت صوبے میں قائم سرکاری اسکولوں میں طلباء و طالبات کو دستاویزی فلمیں دکھائی جائیں گی۔

اس سال اگست میں، ٹی ڈی ایف پاکستان میں تبادہ ہوتے ہوئے قدرتی ماحول پر دو دستاویزی فلمیں جاری کرچکا ہے۔ان فلموں کا مرکزی خیال مرگلہ کی پہاڑیوں میں موجود نیشنل پارک اور چترال گول ہیں اگر چہ ان دستاویزی فلموں میں دئیے گئے سبق سے کہیں بھی استفادہ کیا جا سکتا ہے۔یہ دستاویزی فلمیں www.thedawoodfoundation.org کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں اور مفت دیکھی اور ڈاؤن لوڈ کی جا سکتی ہیں۔

متعلقہ عنوان :