غرب اردن، فدائی حملے میں فلسطینی نوجوان شہید، اسرائیلی فوجی زخمی ہوگیا

جمعہ 1 جنوری 2016 14:17

نابلس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم جنوری۔2016ء) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس میں فلسطینی نوجوان نے گاڑی کی ٹکر سے یہودی فوجی کو کچل ڈالا جس کے نتیجے میں دشمن فوجی شدید زخمی ہوگیا ، اسرائیلی فوج کی جوابی کارروائی میں فلسطینی نوجوان جام شہادت نوش کرگیا۔اسرائیلی عبرانی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ حوارہ چوک کے قریب اس وقت پیش آیا جب ایک فلسطینی نوجوان نے اپنی گاڑی سڑک کے کنارے فوجیوں پرچڑھا دی جس کے نتیجے میں ایک فوجی اہلکار زخمی ہوگیا۔

(جاری ہے)

اسرائیلی فوجی ذرائع کا کہنا ہے کہ فوجی اہلکار کو گاڑی تلے کچلنے والے فلسطینی نوجوان پر فارئرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔فدائی حملہ آور نوجوان کا تعلق مغربی کنارے کے شمالی شہر جنین کے رابا قصبے سے ہے جس کی شناخت حسن علی بزور کے نام سے کی گئی ہے۔درایں اثناء فلسطینی وزارت صحت نے اسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ سے فلسطینی نوجوان کی شہادت کی تصدیق کی ہے۔ وزارت صحت کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں نے شہید فلسطینی نوجوان کا جسد خاکی قبضے میں لے لیا ہے۔

متعلقہ عنوان :