آغا اقرار ہارون ایشین ایکو ٹورازم نیٹ ورک بورڈ کے پہلے پاکستانی رکن مقرر

Zeeshan Haider ذیشان حیدر منگل 12 جنوری 2016 20:59

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔12 جنوری۔2016ء سینیئر صحافی اور وفاقی وزارت برائے سیاحت (موجودہ وزارت برائے ثقافت اور ورثہ) کے سابق کنسلٹنٹ آغا اقرار ہارون کو ایشین ایکو ٹورازم نیٹ ورک(اے ای این) کے بورڈ کا رکن مقرر کر لیا گیا ہے۔آغااقرار ہارون پہلے پاکستانی ہیں جنہیں اے ای این کے بورڈ میں بطور رکن شامل کیا گیا ہے۔یہ ایک اعزازی پوزیشن ہے اور مسٹر ہارون کو عالمی سطح پر پائیدار سیاحت کے فروغ کے لئے سر انجام دی گئی خدمات کے صلہ میں یہ پوزیشن دی گئی ہے۔

مسٹر ہارون جنوبی ایشیا، وسطی ایشیا اور مشرقی یورپ میں سیاحت کے حوالے سے موجود مختلف اسٹیک ہولڈرز کے ایک ادارے دی ریجن انیشی ایٹو (ٹی آر آئی)کے اعزازی صدر بھی ہیں۔تھائی لینڈ کے دارلحکومت بنکاک میں قائم ایشین ایکو ٹورازم نیٹ ورک(اے ای این) ایشیائی خطے میں پائیدار، ذمہ دار اور ایکو ٹورازم کا واحد سرکاری ادارہ ہے۔

(جاری ہے)

یہ نیٹ ورک ایشیا کے مختلف علاقوں میں ایکو ٹورازم یعنی ماحولیاتی سیاحت کے شعبے میں کام کرنے والے افراد کے لئے ایک ساتھ کام کرنے کے مواقع پیدا کر کے ان کے درمیان روابط قائم کرنے کی کوشش کرتا ہے۔

ڈسپیچ نیوز ڈیسک (ڈی این ڈی) نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے مسٹر ہارون کا کہنا تھا کہ وہ اے ای این بورڈ کے بہت مشکور ہیں کہ انہیں بورڈ کا رکن مقرر کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ ان کی خوش قسمتی ہے کہ خطے میں ذمہ دار سیاحت کے فروغ کے لئے قائم واحد ادارے کے بورڈ کے رکن کے لئے پاکستان سے انہیں منتخب کیا گیا ہے۔ایشین ایکو ٹورازم نیٹ ورک کے بورڈ میں باقی جن ممالک کے اراکین شامل ہیں ان کا تعلق لاؤس، چین، جنوبی کوریا، بنگلہ دیش، آسٹریلیا، فلپائن، منگولیا، انڈونیشا، بھوٹان، سر ی لنکا، بھارت، نیپال، تائیوان اور ملائیشیا سے ہے۔