میکنائزڈفارمنگ کا منصوبہ مشینی کاشت کے فروغ کا حا مل ہے، ترجما ن

بدھ 20 جنوری 2016 14:07

بھکر۔20 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔20 جنوری۔2016ء)حکومت پنجاب شعبہ زراعت کی جدید خطوط پر ترقی اور کاشتکاروں کے معاشی استحکام کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کارلارہی ہے۔اس ضمن میں میکنائزڈفارمنگ کا منصوبہ بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہے جس کی بدولت صوبہ بھرمیں مشینی کاشت کو فروغ ملے گا۔یہ بات محکمہ زراعت پنجاب کے ایک ترجمان نے زرعی ترقی کیلئے حکومتی اقدامات پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

انہو ں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے میکنائزڈفارمنگ(مشینی کاشت) کے فروغ کیلئے دیہی یونین کونسلوں میں کاشتکاروں کو پچاس (50)فیصد سبسڈی پر زرعی آلات ومشینری کی فراہمی کا اہتمام کیا ہے، جس سے کاشتکاروں کو بہت بڑی سہولت میسر آئے گی اور وہ زیادہ سے زیادہ رقبہ کو زیر کاشت لاکر فی ایکڑ زرعی پیداوار میں بھرپور اضافہ کرسکیں گے۔اس کے ذریعے کاشتکاروں کے معاشی استحکام کے ساتھ مجموعی قومی معیشت بھی مزید مستحکم ہوگی۔انہو ں نے کہا کہ جدید خطوط پر زرعی ترقی کیلئے حکومت پنجاب کے فراخدلانہ اقدامات کی بدولت شعبہ زراعت کی پیداواری صلاحیت میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا اور زرعی معیشت خود کفالت کی منزل سے ہمکنار ہوگی۔