زمبابوے کرکٹ ٹیم کے نوجوان فاسٹ باوٴلر برائن ویٹوری کو غیر قانونی باوٴلنگ ایکشن پر معطل کردیا گیا

جمعرات 18 فروری 2016 12:45

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 فروری۔2016ء) زمبابوے کرکٹ ٹیم کے نوجوان فاسٹ باوٴلر برائن ویٹوری کو غیر قانونی باوٴلنگ ایکشن پر معطل کردیا گیا۔کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق برائن ویٹوری کے باوٴلنگ ایکشن کو گزشتہ ماہ بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوران مشکوک قرار دیا گیا تھا جس کے بعد ہندوستان کے شہر چنائی میں ان کے باوٴلنگ ایکشن کو ہر زاویے سے جانچا گیا جس میں یہ ثابت ہوگیا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی مقررکردہ حد 15 ڈگری سے متجاوز کررہا تھا۔

(جاری ہے)

ویٹوری کو رواں ماہ کے آغاز میں زمبابوے کے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ سے بھی باہر کیا گیا تھا۔آئی سی سی کے قوانین کے مطابق برائن ویٹوری پر بین الاقوامی مقابلوں پر پابندی کا اطلاق قومی فیڈریشن اور ڈومیسٹک کرکٹ پر بھی ہوگا تاہم بورڈ کی اجازت سے ویٹوری زمبابوے کے ڈومیسٹک مقابلوں میں حصہ لینے کے اہل ہوں گے۔دوسری جانب ویٹوری اپنے باوٴلنگ ایکشن کو درست کرنے کے بعد دوبارہ جانچ کے لیے کسی بھی موقع پر اپیل کرسکتے ہیں۔25 سالہ ویٹوری نے اگست 2011 میں ڈیبو کے بعد زمبابوے کی جانب سے 4 ٹیسٹ، 19 ون ڈے اور 11 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے ہیں۔

متعلقہ عنوان :