راولپنڈی میں مگس بانی کا پانچ روزہ تربیتی کورس 7مارچ سے شروع ہو گا

بدھ 2 مارچ 2016 13:33

راولپنڈی۔02مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔02 مارچ۔2016ء)محکمہ زراعت پنجاب راولپنڈی کے ترجمان نے کہا ہے کہ مگس بانی کے شعبے سے وابستہ افراد کی پیشہ وارانی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے شعبہ مگس بانی و حشرات ِاثمارراولپنڈی کے زیرِ اہتمام مگس بانی (شہد کی مکھیاں پالنے ) کا پانچ روزہ تربیتی کورس 07 مارچ 2016 سے شروع ہو گا ۔ اس کورس میں شرکت کرنے کے خواہش مند خواتین وحضرات کے لیے تعلیم و عمر کی کوئی پابندی نہیں ہے ۔

اس کورس کا بنیادی مقصد سا ئنسی بنیادوں پر مگس بانی کی تربیت فراہم کرنا ہے تاکہ اس شعبہ سے وابستہ افراد اپنی آمدن میں اضافہ کر سکیں ۔ترجمان نے کہاکہ شہد کی مکھیاں پالنا نہ صرف ایک مفید مشغلہ ہے بلکہ منافع بخش ذریعہ معاش بھی ہے ۔ شہد کی پیداوار کیلئے شہد کی مکھیوں کو وسیع پیمانے پر پال کر اپنی ضروریات کو پورا کرنے کے علاوہ وافر شہد مارکیٹ میں بیچنے سے اضافی آمدن بھی حاصل کی جا سکتی ہے ۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق شہد کی مکھیوں کو پالنے کا ایک اور انتہائی اہم فائدہ یہ ہے کہ یہ مکھیاں پھل دار درختوں ،مختلف فصلوں اور پھلوں میں عمل ِزیرگی کو بڑھا کر ان کی پیداوار بڑھانے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں ۔ ان مکھیوں سے بنی نوع انسان کو پہنچنے والا یہ فائدہ ا ن سے حاصل کردہ شہد کی پیداوار سے 14گنا زیادہ ہوتا ہے۔ کورس میں دلچسپی لینے والے خواتین و حضرات مزید معلومات و رہنمائی کے لیے فون نمبر 051-9292071 یا 051-4935412 پر رابطہ کرسکتے ہیں ۔