بہتر پیدا وار کے لیے گندم کے سٹوں میں دانہ بھرائی کے وقت آبپاشی کریں ،زرعی ماہرین

منگل 8 مارچ 2016 12:10

لاہور۔8 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔08 مارچ۔2016ء ) زرعی ماہرین نے کاشتکاروں کو آگاہ کیا ہے کہ وہ گندم کے سٹوں میں دانہ بھرائی یا دانہ دودھیا حالت کے نازک مرحلہ پر آبپاشی کریں۔ اس مرحلہ پر پانی کی کمی اور گرمی کی وجہ سے دانہ پچک کر کمزور اور پتلا رہ جاتاہے جس سے پیداوار میں خاطرخواہ کمی واقع ہو نے کا امکان ہوتا ہے۔ گندم کی فصل میں یہ مرحلہ کاشت کے120سے 130 دن بعد آتاہے۔

انہوں نے کہاکہ گندم کی فصل کو اس مرحلہ پر پانی لگانا انتہائی ضروری عمل سمجھا جاتاہے کیونکہ پودا ابھی ہرابھرا ہوتاہے اورسٹوں میں دانہ بننے کا عمل مکمل ہونے میں کافی وقت درکار ہوتا ہے۔کاشتکار گندم میں دانہ بنتے وقت آبپاشی کا عمل موسمی حا لا ت کو مدنظر رکھ کر کریں۔ اگر بارش یا آندھی کا امکان ہو تو آبپاشی کا عمل کچھ دنوں کے لئے موخر کردیں اور دن کی بجائے شام کو ہوا رُک جانے پر ہلکی آبپاشی کریں تاکہ سٹے بھاری ہونے کی وجہ سے فصل گرنے سے بچ سکے۔

(جاری ہے)

دانہ بنتے وقت فصل کو کھاد کی کمی کی صورت میں آبپاشی کے ساتھ 5سے10کلو گرام فی ایکڑحل پذیر پوٹاش فرٹیگیشن کے طریقے سے ڈال دی جائے۔ اس سے پھرپور پیداوار حاصل ہوتی ہے۔ زرعی ماہرین کے مطابق گندم کی فصل کاشت سے لے کر کٹائی تک کم وبیش 140-160 دنوں میں پک کر تیار ہوتی ہے۔