ملک میں بارشوں کا نیا سلسلہ داخل ہو گیا

بلوچستان کے راستے ملک میں داخل ہونے والے مغربی ہواوں کے سلسلے نے بارشیں برسانا شروع کر دیں

muhammad ali محمد علی ہفتہ 4 مئی 2024 00:35

ملک میں بارشوں کا نیا سلسلہ داخل ہو گیا
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 مئی2024ء) ملک میں بارشوں کا نیا سلسلہ داخل ہو گیا، بلوچستان کے راستے ملک میں داخل ہونے والے مغربی ہواوں کے سلسلے نے بارشیں برسانا شروع کر دیں۔ تفصیلات کے مطابق مغربی ہواؤں کا نیا سسٹم بلوچستان میں داخل ہو گیا ہے جس کے بعد چمن، قلعہ عبداللّٰہ اور پاک افغان سرحدی علاقوں میں بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔

مغربی ہواوں کے اسی سلسلے کے باعث محکمہ موسمیات نے اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار، مری، گلیات، پشاور، سوات، چترال، کشمیر اور گلگت بلتستان میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کی تفصیلی رپورٹ کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ آندھی/جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

ہفتہ کے روز ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم خشک جبکہ وسطی اور جنوبی علاقوں میں گرم رہے گا، تاہم بالائی پنجاب ، بالائی خیبرپختونخوا، اسلام آباد ،گلگت بلتستان اورکشمیر میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر تیز ہواؤں/جھکڑ اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ میں آندھی/جھکڑ چلنے کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے ۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک/مطلع جزوی ابر آلود جبکہ جنوبی علاقوں میں گرم رہا۔ تاہم خیبرپختونخوا ، شمالی بلوچستان میں چند مقاما ت پر بارش / بوندا باندی ہوئی۔سب سے زیادہ بارش خضدار 12،کوئٹہ ( سمنگلی)01 اور خیبرپختونخوا میں میر کھانی 02ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اس دوران ملک میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت شہید بینظیر آباد،جیکب آباد،دادو میں 42ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔