لوئر اورکزئی ایجنسی میں کوئلے کی کان بیٹھنے سے 7 افراد جاں بحق ، 11زخمی ، متعدد افراد ا ملبے تلے دب گئے ، ریسکیو آپریشن جاری ، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ، پولیٹیکل انتظامیہ کی ایک مزدور کی ہلاکت کی تصدیق

صدر اور وزیر اعظم کاحادثے میں جانی نقصان پر افسوس کا اظہار،زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت

ہفتہ 12 مارچ 2016 22:58

ہنگو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 مارچ۔2016ء) لوئر اورکزئی ایجنسی کے علاقے ڈولی میں کوئلے کی کان بارشوں کے پانی کے باعث بیٹھ گئی جس کے نتیجے میں 7 افراد کے جاں بحق اور 32 سے زائد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے ، زخمیوں کو کوہاٹ اور اورکزئی کے کلایہ میں منتقل کر دیا گیا ، جبکہ متعدد افراد ابھی بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جن کو نکالنے کے لئے آپریشن جاری ہے ، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے ،صدر ممنون حسین اوروزیر اعظم نواز شریف نے واقعے میں جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پھنسے افراد کے انخلاء تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو لوئر اورکزئی ایجنسی کے علاقے ڈولی میں کو ئلے کی ایک کان بارش کا پانی داخل ہوجانے کے باعث بیٹھ گئی جس کے نتیجے میں وہاں کام کرنے والے 65 سے زائد کان کن دب گئے جنہیں نکالنے کے لئے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کی گئیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے ملبے سے 7افراد کی لاشوں کو نکال لیا جبکہ 29افراد کو زخمی حالت میں نکالا گیا جنہیں فوری پر قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیاگیا۔

تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی شوکت یوسف زئی نے کوئلے کی کان بیٹھنے سے سات افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ کان میں ابھی بھی 65افراد پھنسے ہوئے ہیں جن کو نکالنے کا کام جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کان میں پھنسے ہوئے مزدوروں کا تعلق شانگلہ ہے ہم وفاقی حکومت سے زخمیوں کی ہسپتال منتقلی کے لئے ہیلی کاپٹر فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں ۔

دوسری جانب پولیٹیکل انتظامیہ نے صرف ایک مزدور کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے اور کہا کہ حادثے کے مقام پر بھاری مشینری پہنچا دی گئی ہے ابتدائی آپریشن میں 29 افراد کو نکال لیا گیا جن میں سے 10 شدید زخمیوں کو کوہاٹ ہسپتال اور 19 کو اورکزئی ہسپتال کلایہ میں منتقل کر دیا گیا ہے ۔ صدر ممنون حسین ، وزیر اعظم نواز شریف نے لوئر اورکزئیمیں کان بیٹھنے سے ہونے والے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے اور دبے افراد کو نکالنے کے لئے دستیاب تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے ۔

متعلقہ عنوان :