پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے چولستان میں پارٹنر سکولوں کاکوالٹی ایشورنس ٹیسٹ 25تا 26مارچ کومنعقد ہوگا

پیر 21 مارچ 2016 16:51

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 مارچ۔2016ء)پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے مفت تعلیم کے منصوبی’ نیو سکول پروگرام ‘سے منسلک چولستان کے پارٹنر سکولوں کاپہلاکوالٹی ایشورنس ٹیسٹ 25تا 26مارچ کو منعقد ہوگا۔اس ٹیسٹ کے انعقاد کا مقصد پارٹنر سکولوں کے تعلیمی معیار کا جائزہ لینا ہے۔ اس حوالے سے پیف ڈائریکٹر (اکیڈمک ڈویلپمنٹ یونٹ )عائشہ نعمان کی جانب سے محکمانہ سرکلر جاری کر دیا گیاہے۔

(جاری ہے)

سرکلر کے مطابق تمام پرچہ جات تحریری ہوں گے اور ٹیسٹ میں شامل کلاسوں میں طالب علموں کی مجموعی تعداد 90فیصد سے کم نہیں ہونی چاہیے۔ اس سے کم حاضری کی صورت میں غیر حاضر طالب علم فیل تصور ہوں گے۔ ٹیسٹ کے دوران پرنسپل یا کوئی سٹاف ممبر امتحانی سنٹر میں داخلے کا مجاز نہیں۔امتحانی سنٹر میں کلپ بورڈ کے علاوہ دیگر اشیاء مثلاًکتاب، بیگ یا کاپیاں لانے کی ہر گز اجازت نہیں ۔سرکلر میں مزید ہدایت کی گئی ہے کہ سکول مالکان / پرنسپل حضرات طالب علموں کا ریکارڈ اپنے پاس محفوظ رکھیں تا کہ امتحانی عملہ ٹیسٹ کے دوران اس کو چیک کر سکے۔ اس ٹیسٹ میں کامیابی کے لیے سکول کے 50فیصد طالب علموں کے تمام مضامین میں کم از کم 33فیصد اوسط نمبر حاصل کرنا لازم ہیں۔