وفاقی وزیر سکندر حیات خان بوسن کی زیرصدارت فاسفیٹ کھادوں پر دی جانے والی سبسڈی پر جلد عمل درآمد کو یقینی بنانے کیلئے جائزہ اجلاس کا انعقاد

کھادوں پر دی جانے والی رعایت کے جلد اطلاق کیلئے ذیلی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ

جمعرات 24 مارچ 2016 16:35

اسلام آباد ۔ 24 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔24 مارچ۔2016ء) وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ سکندر حیات خان بوسن نے فاسفیٹ کھادوں پر دی جانے والی سبسڈی پر جلد عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لئے جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں کھادوں پر دی جانے والی رعایت کے جلد اطلاق کے لئے ذیلی کمیٹی بھی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر سکندر حیات خان بوسن نے اس موقع پر کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ کھادوں پر دی جانے والی سبسڈی کی سکیم کا فائدہ براہ راست کاشتکاروں کو پہنچنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں آڑھتی اور ڈیلروں کو غریب کسانوں کا استحصال نہیں کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اس اسکیم کو مستقبل میں جاری رکھا جائے گا۔ اجلاس میں شرکاء نے کھادوں سے متعلق دی جانے والی سبسڈی سکیم پر عمل درآمد سے متعلق تجاویز اور آراء پیش کیں۔ وفاقی وزیر نے صوبائی حکومتوں پر زور دیا کہ اس اسکیم کی کامیابی کے لئے وفاقی حکومت سے بھرپور تعاون کیا جائے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ حکومت اس سکیم کی کامیابی کے لئے پرعزم ہے۔